’’ملک کیلئے 100 بار ایمرجنسی لگانا پڑے تو لگائیں‘‘ مشرف، غداری کیس میں بیان ریکارڈ
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ایف آئی اے کی 2 رکنی ٹیم نے غداری کیس میں سابق صدر جنرل ’’ر‘‘ پرویز مشرف کا بیان ریکارڈ کرلیا۔ اس حوالے سے گزشتہ روز ایف آئی اے ٹیم نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر واجد حسن نے کی سربراہی میں اسلام آباد سے کراچی میں سابق صدر کے گھر پہنچی اور ملک میں 2007ء میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے اقدام سمیت دیگر معاملات پر ان سے ان کا موقف حاصل کیا۔ پرویز مشرف نے ایف آئی اے ٹیم کو حلف نامہ بھی جمع کرایا اور سابق وزیراعظم شوکت عزیز اور سابق وزیر زاہد حامد سے متعلق تفصیلات بتائیں۔ دریں اثنا کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا کہ ملک کیلئے 100 بار بھی ایمرجنسی لگانا پڑے تو لگانی چاہئے۔ سندھ میں رینجرز اچھا کام کر رہے ہیں، انہیں اختیارات دینے چاہئیں۔ سندھ میں رینجرز کے ساتھ جو ہوا اسکے حق میں نہیں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بلوچستان میں مداخلت کر رہا ہے۔ موجودہ حالات میں ملک کے سکیورٹی اقدامات کو کم نہیں کیا جا سکتا۔ سابق صدر نے کہا کہ میرے دور میں پاکستان کا بین الاقوامی امیج بہتر ہوا بڑی بیرونی سرمایہ کاری ملک میں آئی۔