اسحق ڈار سے جلیل عباس جیلانی‘ ملیحہ لودھی اور افغان سفیر کی ملاقاتیں
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر خزانہ اسحق ڈار سے افغانستان کے پاکستان میں سفیر جانان موسیٰ زئی اور امریکہ میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی‘ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ افغانستان کے سفیر نے وزیر خزانہ سے ملاقات میں افغان صدر کی طرف سے پاکستان کی مدد سے جاری ترقیاتی منصوبوں کے جلد از جلد تکمیل کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ افغان صدر چاہتے ہیں کہ جلال آباد‘ طورخم ہائی وے کو جلد مکمل کیا جائے۔ اس سے کاروباری سرگرمیاں بڑھیں گی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ایف ڈبلیو او منصوبے پر کام کر رہی ہے اور منصوبے کا 41فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔ منصوبہ جون 2016ء میں مکمل ہوجائیگا جبکہ پاکستان کی مدد سے افغانستان میں جاری دیگر منصوبوں کا 90فیصد کام ہوگیا ہے۔ جلیل عباس جیلانی نے ملاقات میں وزیراعظم نوازشریف کے دورہ امریکہ کے دوران ہونے والے فیصلوں پر عملدرآمد کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر خزانہ نے پاک امریکہ تعلقات کیلئے پاکستانی سفیر کی کوششوں کو سراہا۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے مختلف ایشوز جن میں مسئلہ کشمیر شامل ہے، کے بارے میں پاکستان کے موقف کو اجاگر کرنے کی کوششوں کا ذکر کیا۔ ملیحہ لودھی سے ملاقات کی۔ اعلامیہ کے مطابق ملیحہ لودھی نے مختلف فورمز پر پاکستان کا نقطہ نظر اٹھانے سے متعلق آگاہ کیا۔ مسئلہ کشمیر کو خاص طور پر عالمی فورمز پر اٹھایا گیا۔ وزیر خزانہ نے پاکستانی نقطہ نظر عالمی فورمز پر کامیابی سے اجاگر کرنے پر ملیحہ لودھی کی تعریف کی۔ علاوہ ازیں وزیر خزانہ سے افغان سفیر کی ملاقات میں افغانستان میں پاکستان کی مدد سے جاری منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔