بھارت: بی ایس ایف کا چارٹرڈ طیارہ تباہ ،فوجی افسروں سمیت10افراد ہلاک
نئی دہلی (آن لائن) بھارت کی سرحدی سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کا چارٹرڈ طیارہ نئی دہلی کے اندرا گاندھی ائرپورٹ کے قریب دیوار سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک ہوگئے، تمام افراد کی نعشیں نکال لی گئیں، ہلاک ہونے والوں میں اہم فوجی افسران بھی شامل ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بارڈر سکیورٹی فورسز کا چارٹرڈ سپر کنگ طیارہ ریاست جھارکھنڈ کے دارالحکومت رانچی جارہا تھا کہ نئی دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ائرپورٹ کے قریب گاؤں بڈپولا میں ایک دیوار سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا۔ نئی دہلی کے جوائنٹ کمشنر آف پولیس دیپیندر پاتھک کے مطابق طیارے میں 10 افراد سوار تھے جو موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں اہم فوجی افسران بھی شامل ہیں، ہلاک ہونے والے تمام افراد کی نعشیں نکال لی گئی ہیں جو بری طرح جھلسی ہوئی تھیں۔ تاہم ابھی تک ہلاک شدگان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق حادثہ صبح 9 بجکر 50 منٹ پر اس وقت پیش آیا جب جہاز میں سوار ٹیکنیشنز کا گراؤنڈ کنٹرول سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ عینی شاہدین کے مطابق جہاز ایک دیوار سے ٹکرایا اور اس میں آگ لگ گئی۔