• news

بلوچستان: 2 دہشت گرد ہلاک، گاڑی پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان کے علاقے دکی میں نامعلوم مسلح افراد نے گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ 4 زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق ایک کی حالت تشویشناک ہے، لیویز کے مطابق فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تاہم فائرنگ کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکی۔ لیویز نے علاقے کی ناکہ بندی کردی ہے اور حملہ آوروں کی گرفتاری کیلئے اپنے جوانوں کو مختلف علاقوں میں بھیج دیا ہے۔ چمالنگ کے علاقے میں کے ٹو پوسٹ کے قریب ایف سی کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں صوبیدار سمیت تین ایف سی اہلکار شدید زخمی ہوگئے زخمیوں میں صوبیدار غلام محمد، سپاہی ہدایت اللہ اور سپاہی امیر علی شامل ہیں۔ بلوچستان کے علاقے مارواڑ میں بھی سکیورٹی فورسز کی پٹرولنگ گاڑی بارودی سرنگ کے ساتھ ٹکرانے سے ایک اہلکار زخمی ہو گیا اور دو گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق دشت میں ایف سی نے کارروائی کر کے مزید 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جس سے ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد 5 ہو گئی۔ 

ای پیپر-دی نیشن