سیالکوٹ: بھارت کے پانی روکنے پر ہیڈمرالہ پر دریائے چناب خشک، بی آر بی بھی بند
سیالکوٹ (نامہ نگار) بھارت کی طرف سے دریائے چناب کا پانی روکے جانے کی وجہ سے ہیڈمرالہ کے مقام پر دریائے چنا ب کا زیادہ تر حصہ خشک ہوگیا ہے اور پانی کی آمد کم ہوکر صرف آٹھ ہزار 64 کیوسک رہ گئی ہے جس میں دریائے مناور توی کا 367 کیوسک پانی اور دریائے جموں توی کا ایک ہزار38 کیوسک پانی بھی شامل ہے۔ محکمہ ایری گیشن کے مطابق دریائے چناب میں پانی کی کم مقدار کی وجہ سے ہیڈمرالہ سے نکلنے والی دو نہروں میں سے ایک نہر بی آر بی بند پڑی ہے اور مکمل طور پر خشک ہو چکی ہے جبکہ دوسری نہر میں چھ ہزار کیوسک پانی ہے۔ بھارت سندھ طاس معاہدہ کے تحت دریائے چناب میں روزانہ 55 ہزار کیوسک پانی چھوڑنے کا پابند ہے لیکن اس نے مقبوضہ کشمیر کے علاقہ میں تعمیر شدہ بگلہار ڈیم پر پانی روک رکھا ہے جس کی وجہ سے دریائے چناب خشک ہو چکا ہے۔