• news

امریکی سفیر سے ملاقات، دہشت گردی کیخلاف امریکہ ساتھ دے: قائم علی شاہ

کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ وقائع نگار+ ایجنسیاں) وزیراعلیٰ قائم علی شاہ نے دہشت گردی کیخلاف امریکہ سے مدد مانگ لی۔ امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے گذشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ دہشت گردی کیخلاف امریکہ ساتھ دے۔ سندھ میں تمام دہشت گرد باہر سے آئے۔ دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹ رہے ہیں۔ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت اور پاک افواج کی حمایت سے سندھ پولیس اور رینجرز کی دہشت گرد کاروائیوں کے خلاف مشترکہ کاوشوں اور اقدامات سے بڑی حد تک دہشت گردی کا قلع قمع ہوا ہے اور امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور اب سندھ ایک پرامن صوبہ ہے۔ کراچی میں مقیم امریکی قونصل جنرل برٹون ہیتھ اور جانٹی کے نے ڈی بھی انکے ہمراہ تھے۔ دہشت گردی کے ناسور سے نمٹنے کیلئے جدید اسلحہ، آتش گیر مادے کی نشاندہی کرنے والے جدید آلات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے امریکی سفیر کو اس ضمن میں سندھ حکومت سے تعاون کرنے کی سفارش کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ امریکی امداد باالخصوص صحت اور تعلیم کے شعبے میں فراہم کی جانے والی مدد کو سراہتے ہیں، انہوں نے امریکی سرمایہ کاروں کو صوبہ سندھ میں سرمایہ کاری کیلئے آگے بڑھنے اور ترقیاتی سرگرمیوں میں سرمایہ کاری اور مدد فراہم کرنے کیلئے مدعو کیا۔جیکب آباد میں امریکی تعاون سے تعمیر ہونے والی ایک بڑی ہسپتال کو سراہتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے امریکی سفیر کو اس ہسپتال کا افتتاح کرنے کی دعوت دی جس کا کام تکمیل کے مرحلے میں ہے جو کہ امریکی سفیر نے قبول کی۔امریکی سفیر نے دہشت گردی کے خلاف وفاقی حکومت اور صوبے سندھ کی حکومت کو سراہتے ہوئے کہا کہ آرمی، رینجرز، سندھ پولیس کی دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے قربانیاں قابل تحسین ہے اور امریکی حکومت دہشت گردی کیخلاف جنگ میںاپنا بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔ دریں اثناء پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے منگل کو بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار کا دورہ کیا۔ انہوں مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ سفیر نے مہمانوں کے لئے رکھی گئی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔ امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے منوڑہ میں واقع ورن دیو مندر کی بحالی کیلئے ایمبیسڈر فنڈز فار کلچر پریزویشن (اے ایف سی پی ) سے ڈھائی لاکھ ڈالر کا اعلان کردیا۔ منگل کو قونصلیٹ سے جاریکردہ اعلامیہ کے مطابق یہ دوسری مرتبہ ہے کہ صوبہ سندھ میں اے ایف سی پی کی جانب سے گرانٹ جاری کی گئی ہے۔ امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے قونصل جنرل برین ہیتھ کے ہمراہ گورنر ہائوس میں گورنر سندھ عشرت العباد خان سے ملاقات کی۔ ملاقا ت میں دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری، خطے میں جاری صورتحال، کامیاب ضرب عضب آپریشن سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات کئی دہائیوں سے قائم ہیں وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ ان تعلقات میں استحکام آرہا ہے پاک امریکہ تعلقات خطے کیلئے انتہائی اہم ہیں۔ امریکی سفیرڈیوڈ ہیل نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج اور عوام کی کامیابی کو پوری دنیا قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اس میں کوئی شک نہیں پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دیں ہیں دہشت گرد عناصر کے خلاف پاک فوج کے ایکشن سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے پرخلوص ہے دہشت گردی کے خلاف ایکشن میں ہماری حکومت پاکستان کے ساتھ ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن