• news

شہباز شریف کا عام ویگن میں بیٹھ کر نئی سڑک پر 4 کلومیٹر سفر

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف گذشتہ روز واہنڈو، کامونکی میں ’’پکیاں سڑکاں سوکھے پینڈے‘‘ پروگرام کے تحت بننے والی نئے سٹرک کا افتتاح کرنے کے بعد عام ویگن میں بیٹھ گئے اور انہوں نے نئی سڑک پر چارکلومیٹر تک کا سفر کیا۔ وزیراعلی نے سڑک کی تعمیر کے اعلی معیار کا اپنی تقریر میں ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ مجھے 20،25 برس سے کمر کا عارضہ ہے اور جمپ لگنے سے کمر کی تکلیف بڑھتی ہے لیکن جب میں نے اس نئی سٹرک پر سفر کیا توکوئی جمپ نہیں لگا جس کی صرف ایک وجہ ہے کہ سٹرک کی تعمیر کا معیار انتہائی اعلیٰ ہے اور مجھے خوشی ہوئی ہے کہ قومی وسائل منصوبوں پر ایمانداری سے استعمال ہو رہے ہیں۔ ٭… وزیراعلیٰ شہباز شریف نے پکیاں سڑکاں سوکھے پینڈے نعرے پر خادم اعلیٰ دہی روڈز پروگرام کے تحت بننے والی سڑکوں پر ٹرالوں، ٹرکوں پر مقررہ وزن سے زائد لے کر چلنے والوں کے خلاف کارروائی نہ کئے جانے پر برہمی کا اظہار کیا۔ ٭…محمد شہباز شریف تقریب میں خوشگوار موڈ میں ممبران پنجاب اسمبلی پیر غلام فرید، عبدالرؤف مغل، توفیق بٹ، چودھری اقبال گجر، شوکت منظور چیمہ سے مخاطب ہوئے۔ ٭… وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنی تقریر کے آغاز میں کل عید میلاد النبیؐ کا ذکر کیا اور کہا کہ اسوۂ حسنہ کے نکات میں کہ لوگوں کو انصاف دو، کسی کا حق نہ مارو، خوشحالی لے کر آؤ اور ہر جگہ انصاف کا بول بالا ہونا چاہئے۔ علاوہ ازیں خادم پنجاب دیہی روڈ پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں گوجرانوالہ ڈویژن میں 319کلو میٹر طویل سڑکیں مکمل ہو چکی ہیںجن پر 2 ارب 80 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔ پہلے مرحلے میں مجموعی طور پر 41 سٹرکوں کی تعمیر و بحالی کا کام مکمل کیا گیاہے جبکہ دوسرے مرحلے میں 257 کلومیٹر طویل سٹرکوں کی تعمیر و بحالی پر کام جاری ہے۔

ای پیپر-دی نیشن