• news

یقین دلاتا ہوں‘ فوج مایوس کریگی نہ مکمل امن تک چین سے بیٹھیں گے: آرمی چیف

اسلام آباد (بیورو رپورٹ/سٹاف رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کی صورت میں دہشت گردی کے خلاف اور استحکام پاکستان کی کامیابیوں کا سفر جاری ہے دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں فوج کو پوری قوم کی تائید و حمایت حاصل ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے خیبر ایجنسی میں قبائلی عمائدین کے جلسہ اور پہلے گورنر فاٹا یوتھ فیسٹیول کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ گورنر خیبر پی کے سردار مہتاب احمد خان اور کور کمانڈر پشاور بھی اس موقع پر موجود تھے۔ آرمی چیف نے کہا کہ وہ فاٹا کے غیور نوجوانوں کے درمیان موجود ہیں جو امن دشمنوں کی شکست ہے۔یہ کامیابی قبائلی بھائیوں، فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پوری قوم کی قربانیوں کا ثمر ہے۔ امن و امان کی صورتحال میں نمایاں تبدیلی رونما ہو چکی ہے۔اب ہم استحکام پاکستان کے سفر پر گامزن ہیں۔ترقیاتی منصوبے، بطور خاص پاکستان چین معاشی راہداری مسلح افواج، پاکستانی قوم اور بطور خاص فاٹا کے قبائل کی قربانیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ملکی ترقی میں نوجوانوں کا اہم کردار ہے۔ ملکی آبادی میں نوجوانوں کا اہم حصہ ہے۔ نوجوان ہی پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ فاٹا میں تعلیمی اداروں، بطور خاص کیڈٹ کالجوں کا قیام اور فوجی تعلمی اداروں میں فاٹا کے جوانوں کے داخلے نوجوانوں کی استعداد بڑھانے کے سلسلے میں اہم اقدامات ہیں۔ انہوں نے فاٹا کے نوجوانوں کیلئے کھیلوں کی سہولیات کے سلسلہ میں پہلے خیبر ایجنسی میں کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر کا اعلان کیا اور کہا کہ شمالی وزیرستان میں بھی جدید سپورٹس کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا۔ فاٹا کے نوجوان اندرون و بیرون ملک اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں۔ پائیدار امن کیلئے قبائلی علاقوں اور ملک میں ہمارا یہ سفر جاری رہے گا۔ امید ہے آپ قوم کی امیدوں پر پورا اتریں گے اور افواج پاکستان کبھی آپ کو مایوس نہیں کریں گی۔ فاٹا سمیت پورے ملک میں امن کی بحالی کے لئے اقدامات کئے ہیں ملک میں مکمل امن قائم ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ یوتھ فیسٹیول کے موقع پر نوجوانوں کو دیکھ کر لگتا ہے کہ ملک میں امن آچکا ہے، ہم اپنے نوجوانوں کے لئے پرامن پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں، پاک فوج قبائلی عوام اور نوجوانوں کے شانہ بشانہ کام کررہی ہے۔ پوری قوم ایک عرصے سے دہشت گردی سے لڑرہی ہے، ہمارے عزم و حوصلے میں کوئی کمی نہیں آئی، پاک فوج کی جانب سے فاٹا سمیت پورے پاکستان میں امن کی بحالی کے لئے اقدامات جاری رہیں گے۔ اس سٹیڈیم میں فاٹا کے غیور، باصلاحیت، پراعتماد نوجوانوں کے درمیان موجود ہوں۔ فاٹا کے نوجوانوں کی موجودگی قابل ستائش اور امن دشمن قوتوں کی شکست ہے۔ آپریشن ضرب عضب میں کامیابی قبائلی بھائیوں پاک فوج اور قوم کی قربانیوں کی بدولت ہوئی ہے۔ قوم ایک عرصے سے دہشت گردی کے خلاف لڑ رہی ہے۔ ضرب عضب کی کامیابیوں میں پاک فوج کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے۔ انشاء اللہ ہمارے عزم میں کمی نہیں آئے گی۔ ہم استحکام پاکستان کے سفر پر گامزن ہیں۔ پورے ملک میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آ چکی ہے۔ یقین دلاتا ہوں کہ افواج پاکستان کبھی مایوس نہیں کریں گی۔ کوشش ہے کہ فاٹا کے نوجوانوں کو ہر میدان میں بہتر مواقع فراہم کئے جائیں۔ فاٹا کے نوجوان فکری، علمی اور عملی صلاحیتوں سے لیس ہیں ہم استحکام پاکستان کی منزل پر گامزن ہیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ غیور قبائل نے ہمیشہ پاکستان کیلئے قربانیاں دیں۔ پاک فوج اور عوام کے مضبوط عزائم کمزور نہیں کئے جا سکتے۔ پورے ملک میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آ چکی ہے۔ ترقیاتی منصوبے بشمول پاکستان چین راہداری افواج پاکستان، پوری قوم اور بالخصوص فاٹا کے بہادر عوام کی قربانیوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن