• news

لودھراں کا معرکہ تحریک انصاف کے جہانگیر ترین نے جیت لیا

لودھراں (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) این اے 154 لودھراں کے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدوار جہانگیر ترین نے کامیابی حاصل کر لی ہے۔ غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے جہانگیر ترین نے ایک لاکھ 40 ہزار 391 ووٹ حاصل کئے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار صدیق بلوچ ایک لاکھ609 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ کامیابی پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے جشن منایا اور مٹھائی تقسیم کی اور ریلی نکالی۔ این اے 154 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 19 ہزار 183 ہے، 2 لاکھ 28 ہزار 870 مرد، ایک لاکھ 90 ہزار 312 خواتین ووٹرز ہیں۔ انتخاب میں مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف سمیت 20 امیدواروں نے حصہ لیا۔ 303 پولنگ سٹیشنوں میں سے 6 کو انتہائی حساس اور 41 پولنگ سٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا تھا۔ پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہی۔ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے اور امیدواروں کی جانب سے دھاندلی کی شکایت کے پیش نظر تمام پولنگ سٹیشنوں کے اندر اور باہر فوج تعینات کی گئی تھی جبکہ پولیس کے 3 ہزار اہلکار اور ایک ہزار سے زیادہ رضاکاروں نے سکیورٹی فرائض انجام دیئے۔ پولنگ کے دوران کچھ مقامات پر مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں ہاتھا پائی بھی ہوئی۔ کامیابی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ لودھراں کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ تحریک انصاف کے نظرئیے اور ورکرز کو کامیابی ملی۔ عمران آج ایک بجے لودھراں میں عوام سے خطاب کرینگے اور ریلی کی قیادت بھی کرینگے۔ غیور عوام نے حکومتی خیرات کے دعوؤں کو ٹھکرا دیا عوامی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھوں گا۔ عوام نے ملک لوٹنے والوں کیخلاف فیصلہ دیا عوام کو اربوں روپے رشوت دینے کی کوشش کی گئی۔ حکومت کی پالیسی عوام نے مسترد کر دی۔ آج مسلم لیگ ن کا سورج غروب ہونا شروع ہو گیا۔ حکومت اڑھائی ارب روپے کا انتظام کرے میں لینے آرہا ہوں۔ لودھراں کو ترقی کے راستے پر ڈالنا ہے جس حکومتی عہدیدار نے پی ٹی آئی کو ہرانے کی کوشش کی اسے شرم آنی چاہئے۔ علاوہ ازیں عمران نے جہانگیر ترین کو ٹیلی فون کر کے مبارکباد دی۔ مسلم لیگ ن کے امیدوار صدیق بلوچ نے کہا کہ ہار جیت الیکشن کا حصہ ہے۔ لودھراں کے عوام کی 30 سال تک خدمت کی ہے جو آئندہ بھی جاری رکھوں گا۔ عوام کا فیصلہ سر آنکھوں پر ہے۔

ای پیپر-دی نیشن