• news

تاخیر سے پہنچنے پر کیرالہ کے گورنر کو طیارے میں سوار ہونے سے روک دیا گیا

نئی دہلی(آن لائن) بھارت کی سرکاری ائر لائن ائر انڈیا کے ایک پائلٹ نے ریاست کیرالہ کے گورنر پی سداشیوم کو تاخیر پر پہنچنے پر طیارے میں سوار ہونے سے روک دیا۔ گورنر سداشیوم کو کیرالہ کے شہر کوچی سے ریاستی دارالحکومت ترواننت پورم جانا تھا لیکن مبینہ طور پر وہ ائرپورٹ کافی تاخیر سے پہنچے تھے۔ بھارت میں ایسے عہدوں پر فائز اہم شخصیات کو وی آئی پی مراعات حاصل ہوتی ہیں لیکن پائلٹ نے انہیں یہ رعایت دینے سے انکار کر دیا۔ گورنر کے پروٹوکول افسر نے کہا کہ گورنر سداشیوم طیارے کی پرواز سے محض 10 منٹ پہلے کوچین کے ائرپورٹ پر پہنچے تھے۔ اس وقت مسافروں کو سوار کرنے کے بعد طیارے میں لگائی جانے والی سیڑھی ہٹا لی گئی تھی اور جہاز کو واپس رن وے کی طرف لے جایا جا رہا تھا۔ گورنر کے دفتر کے بعض حکام نے اس معاملے پر ائر لائنز کے افسران کو سمجھانے کی کوشش کی تو پائلٹ نے ان کی بات تسلیم نہیںکی۔ گورنر کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ مبینہ طور پر گورنر کی توہین کرنے کے لیے ایئر انڈیا کے خلاف شکایت درج کرائی گئی ہے۔ لیکن ائر لائنز کی طرف سے اس پر اب تک کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ ریاست کے وزیر اعلی اون چانڈی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ اس مسئلے کو مناسب حکم کے ساتھ اٹھائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن