• news

رینجرز اختیارات پر شرائط لاگو کرنے سے وفاق کو مداخلت کرنا پڑی:اسحاق ڈار

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے رینجرز کے اختیارات میں شرائط لاگو کئے جانے پر وفاق کو مداخلت کرنی پڑی، آئین وفاق کو رینجرز کے اختیارات میں توسیع کی اجازت دیتا ہے، معاملے کو متنازعہ بنایا جارہا ہے جوغلط طرز عمل ہے ٗ حکومت سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چل رہی ہے ٗ تمام اکائیوں کو مل کر چلنا چاہئے مگر قانون سے بالاتر کوئی نہیں۔ ایک انٹرویو میں اسحا ق ڈار نے کہاکہ بہتر ہوتا کہ سندھ حکومت رینجرز کے اختیارات کا معاملہ خود حل کر لیتی مگر بد قسمتی سے ایسا نہیں ہوا شرائط لگائے جانے کی وجہ سے وفاق کو مداخلت کرنا پڑی۔ وفاقی حکومت نے رینجرز کے اختیارات میں توسیع کرکے کوئی غیر قانونی یا غیر آئینی کام نہیں کیا کیونکہ آئین وفاق کو رینجرز کے اختیارات میں توسیع کی اجازت دیتا ہے۔ اس معاملہ کو متنازعہ نہیں بنانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں گزشتہ عید پر ریکارڈ خریداری ہوئی جو شہر میں امن کا ثبوت ہے۔ کراچی میں امن لانے میں رینجرز کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ سندھ حکومت کی بھی کوششیں شامل ہیں تاہم چیلنجز کو نمٹنے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا موجودہ حکومتی مدت پوری ہونے تک توانائی شارٹ فال ختم ہو جائے گا۔ 

ای پیپر-دی نیشن