قائد کے اصولوں سے انحراف قوم کے اتحاد کو مزید کمزور کریگا: بلاول، شجاعت
لاہور/ کراچی (خصوصی رپورٹر+ این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، (ق) لیگ کے صدر اور سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور مونس الٰہی نے قائداعظم کے یوم ولادت میں اپنے الگ پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناح کے فلسفہ اور اصولوں پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ قائداعظم کے حواب کی تعبیر ہم سب پر فرض ہے، ملک کو لاحق خطرات سے تحفظ کرنا ہر پاکستانی کا اولین فرض ہے، قائد کے اصولوں سے انحراف قوم کے اتحاد اور ریاست کو مزید کمزور کرے گا۔ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ آمروں اور ان کی باقیات کی طرف سے مختلف تجربات کے باعث ملک اس وقت دلدل میں پھنسا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار حاصل کرنا اور بانی پاکستان کی تصاویر اٹھا کر ان کی یوم پیدائش اور برسی منانے سے ہم اس کے سچے پیروکار نہیں بن سکتے۔ انہوں نے کہا کہ محمد علی جناح کو خراج تحسین پیش کرنے کا واحد راستہ ان کے بتائے ہوئے اصولوں پر عمل درآمد کرنا ہے۔ چودھری شجاعت حسین اور مونس الٰہی نے کہا ہے کہ بانی پاکستان محمد علی جناح نے حصول پاکستان کے بعد اس خطہ ارض کو امن و خوشحالی کا گہوارہ اور اسلامی فلاحی مملکت بنانے کا جو خواب دیکھا تھا اس کو عملی جامہ پہنانا ہر پاکستانی کا فرض ہے اور قائداعظم کے اس خواب کو تعبیر دینے کا قرض ابھی تک ہم پر باقی ہے۔ قائداعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں مائوں، بہنوں، بیٹیوں، جوانوں اور بزرگوں کی عظیم قربانیوں کے بعد حاصل کئے گئے اس ملک کا لاحق تمام خطرات سے تحفظ کرنا ہر پاکستانی کا فرض اولین ہے اور ہمیں آج بھی تحریک پاکستان والے جذبہ کا عملی مظاہرہ کرنا ہو گا۔