• news

نئی نسل کو بدعنوانیوں کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرنا چاہئے: صدر ممنون

کراچی/ اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ سپیشل رپورٹ) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ مایوسیوں کے دن گزر چکے ہیں اور اب پاکستان کی قسمت میں بہار ہی بہار ہے لیکن اس کے لئے ضروری ہے کہ پوری قوم خاص طور پر نئی نسل اور تعلیم سے وابستہ لوگ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سر انجام دیں۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو اسٹیٹ گیسٹ ہائوس کراچی میں قائد اعظم کی مادر علمی سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صدر نے کہا کہ 70ء کی دہائی تک ہمارا جذبہ اور ترقی کی رفتار جاری رہی لیکن اس کے بعد بدعنوانی کی وجہ سے ترقی کا سفر رک گیا جس کی واحد وجہ کرپشن اور بدعنوانی تھی، میں چاہتا ہوں کہ نئی نسل کو بدعنوانیوں کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے تاکہ پاکستان کو ایک بار پھر ترقی کی شاہراہ پر گامزن کیا جا سکے۔ صدر مملکت نے کہا کہ موجودہ اقتصادی ٹیم کا یہ کارنامہ ہے کہ اس نے ملک کو معاشی اعتبار سے درست راہ پر گامزن کر دیا۔ چند برس پیشتر اندازے لگائے جا رہے تھے کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے گا لیکن اب عالمی برادری کی رائے یہ ہے کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوگیا ہے اور اب اسے بڑی اقتصادی طاقت بننے سے روکنا ممکن نہیں ہے۔ ملک کی اقتصادی ترقی کے احیا کا واحد راستہ پاک چین اقتصادی راہداری ہے، قوم کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہ ہونے دے۔ بجلی کی پیداوار کے نئے منصوبے ہی پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے کا حصہ ہیں اور میں قوم کو یہ خوشخبری دیتا ہوں کہ 2018 تک یا تو ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہو جائے گا یا یہ محض برائے نام رہ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کے بغیر ملک ترقی نہیں کر پائیگا۔ 

ای پیپر-دی نیشن