کھرب پتی لٹیرے قائداعظم کے پاکستان کو نوچ رہے ہیں: طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ کھرب پتی لٹیرے قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے پاکستان کو نوچ رہے ہیں۔ آئندہ نسلوں کی خوشحالی کیلئے کسی ایک نسل کو قربانی دینا پڑے گی۔ افسوس قومی لٹیروں کی لوٹ مار میں کمی آئی نہ عوام کی لاپروائی میں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز قائداعظم محمد علی جناح ؒ کے یوم ولادت کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ناانصافی، حق تلفی، اقربا پروری، ناجائز منافع خوری، کرپشن، رشوت اور سفارش حد سے تجاوز کر گئی ہے، یہی وہ برائیاں تھیں جن کے بارے میں قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے خبردار کیا تھا۔ حادثاتی اور کرپٹ سیاستدانوں نے سیاست کو خدمت کی بجائے کاروبار بنا لیا، ذاتی تجوریاں بھریں، قائد اعظم ؒ کے نام پر بار بار اقتدار حاصل کرکے ظلم و جبر کا بازار گرم کیا اور غریب کا استحصال کیا۔ آج سیاسی جماعتیں، مافیاز میں تبدیل ہو چکی ہیں اور انکی دیدہ دلیری کا یہ عالم ہے کہ پہلے یہ عوام کو آنکھیں دکھاتے تھے، اب سرعام قومی سلامتی کے اداروں کو بھی للکارتے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک قائد اعظم ؒ کے پاکستان کو ڈھونڈ رہی ہے۔ سربراہ عوامی تحریک نے حضرت عیسی ؑ کی ولادت کے موقع پر مسیحی عوام کو مبارکباد دی اور کہاکہ حضرت عیسی ؑ امن کے پیامبر تھے۔