• news

جدید ٹیکنالوجی، فرانزک لیبارٹری کے باوجود پولیس 4 ہزار 715 وارداتوں کا کھوج لگانے میں ناکام

لاہور (میاں علی افضل سے) جدید ٹیکنالوجی، فرانزک لیبارٹری کی موجودگی کے باوجود لاہور میں 4 ہزار 715وارداتیں، پولیس ٹریس کرنے میں ناکام رہی۔ ان وارداتوں میں قتل، اندھے قتلوں، چوری، ڈکیتی، اغواء برائے تاوان ودیگر سنگین وارداتیںشامل ہیں متاثرہ افراد شدید پریشانی میں مبتلا ہیںجبکہ وارداتیں کرنیوالے جرائم پیشہ عناصر آزاد گھوم رہے ہیں۔ ٹریس نہ ہونیوالی وارداتوں کی رپورٹ اعلیٰ پولیس افسران کو بھجوا دی گئی جس پر اعلیٰ افسران نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ملزمان کا فوری سراغ لگانے کیلئے کوششیں تیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ 2015ء میں ہونیوالی جن وارداتوں کے ملزمان کو ٹریس نہیں کیا جا سکا ان میں قتلوں کی 3، اندھے قتلوں کی 9 جبکہ ڈکیتی مزاحمت پر قتل کی2وارداتیں شامل ہیں۔ ملزمان کی نشاندہی کے لئے بہت سے نمونے فرانزک لیبارٹری بھیجوائے گئے لیکن شواہد نہیں مل سکے دیگر وارداتوں میں ڈکیتی کی 8، چوری کی 990،گاڑی چھیننے کی 5، موٹر سائیکل چھیننے کی 135، گاڑی چوری کی 328 موٹر سائیکل چوری کی ایک ہزار 583 وارداتوں کے ساتھ مزید سینکڑوں وارداتیں بھی شامل ہیں۔ اربوں روپے فنڈز کے باوجود ملزمان کی عدم نشاندہی نے کئی سوالیہ نشان لگا دیے ہیں۔ بڑھتی ہوئی جرائم کی واردتوں کی روک تھام اور بروقت ملزمان کی گرفتاری پولیس کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے ناگزیر ہو گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن