نئے سال کے موقع پر شراب، ڈانس پارٹیوں کا انعقاد، آرگنائزرز میدان میں آ گئے
لاہور (احسان شوکت سے) پاکستانی معاشرہ اتنی تیزی سے انحطاط کا شکارہو رہا ہے کہ نئے سال کے موقع پر شراب و ڈانس پارٹیوں کے انعقاد کے لئے آرگنائزر بھی میدان میں آ گئے ہیں۔ جنہوں نے فارم ہاؤسز، کلبوں، ہوٹلوں اور پوش علاقوں میں بڑی کوٹھیوں میں شراب و ڈانس پارٹیوںکے ’’تمام‘‘ انتظامات کے لئے مارکیٹنگ اور بکنگ شروع کر دی۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں شراب وشباب اور ڈانس پارٹیوں کا رجحان اتنی تیزی سے زور پکڑ رہا ہے کہ ان پارٹیوں کے انعقاد کے حوالے سے زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے عیاش افراد کے گروپس بن گئے ہیں۔گروپ میں شامل ہر فرد باری باری پارٹی کا انعقاد کرتا اورگروپ میں شامل تمام افراد کی میزبانی کے فرائض سرانجام دیتا ہے جبکہ ان گروپس میں شامل بااختیار افراد کسی بھی کام کے سلسلہ میں اپنے ساتھیوں کو نوازتے بھی ہیں۔ صورتحال یہ ہے کہ مادرپدر آزاد عیاش امراء کی جانب سے شہر کے مضافات میں فارم ہاؤسز کے علاوہ پوش علاقوں میں بڑی کوٹھیوں اور ہوٹلوں کے ہالوں میں شراب و ڈانس پارٹیاں منعقد کی جاتی ہیں جبکہ ہوٹلوں کے سویٹ رومز میں بھی منی پارٹیوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ مکروہ دھندے سے پیسہ کمانے کے لئے ایونٹ مینجمنٹ کے نام پر درجنوں آر گنائزر بھی میدان میں آ گئے جو پیسے لے کر پارٹیوں میں ہر قسم کی منشیات، شراب اور شباب سمیت سب اہتمام خود کرتے ہیں جبکہ ایکسائز حکام سے’’ مک مکا‘‘ کر کے تفریحی ٹیکس کی چوری بھی کی جاتی ہے جبکہ اس مذموم کاروبار سے وابستہ افراد ایک مافیا کا روپ دھار چکے ہیں۔