رحیم یار خان: گھر میں آتشزدگی‘ بہن‘ بھائی دادی سمیت زندہ جل گئے‘وزیراعلیٰ کا اظہار افسوس
رحیم یار خان +لاہور(آن لائن+خصوصی رپورٹر) رحیم یار خان کے قریب کچے مکان میں آگ لگنے سے بہن بھائی دادی سمیت زندہ جل گئے۔ پولیس کے مطابق تھانہ بنگلہ اچھا کے قریب بستی صابو رباڑی میں محنت کش رسول بخش کے کچے گھر میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ گئی جس نے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس دوران معصوم بہن بھائی شکیل، شکیلہ اور 70 سالہ دادی عظمی خاتون آگ کی لپیٹ میں آکر جاں بحق ہو گئیں۔ آگ سے گھریلو سامان تباہ جبکہ متعدد مویشی بھی جل گئے۔ گھر کا سربراہ رسول بخش محنت مزدوری کے سلسلے میں گھر سے باہر گیا ہوا تھا۔ ادھر عینی شا ہدین کا کہنا تھا کہ واقعہ گھر پر بجلی کے تار گرنے کے با عث رونما ہوا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے رحیم یار خان کے علاقے بستی صابو رہاڑی میں بجلی کے تار گرنے کے باعث آتشزدگی کے باعث 2 بچوں سمیت 3 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔