• news

اظہر علی‘ محمد حفیظ کی شہریار سے ملاقات‘ محمد عامر کیلئے معافی‘ کیمپ میں شرکت قبول‘ قومی کرکٹ ٹیم نے دو گروپوں میں پریکٹس کی : ذرائع

لاہور(نمائندہ سپورٹس ) پاکستان کرکٹ بورڈکے چیئرمین شہریار خان نے دعویٰ کیا ہے کہ محمد عامر کے حوالے سے ٹریننگ کیمپ میں جاری مسئلہ ختم ہو گیا جبکہ محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ انھوں نے پاکستان کو بدنام کرنے والوں کو معاف کیا لیکن اپنے موقف پر اب بھی قائم ہوں اور پاکستان کر بدنام کرنے والوں کو ملک کے لیے نہیں کھیلنا چاہیے۔محمد حفیظ اور اظہر علی نے پی سی بی چیئرمین شہر یار خان سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ملاقات کی۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شہریار خان نے کہا کہ محمد حفیظ اور اظہر علی غیر مشروط طور پر کیمپ میں شامل ہو رہے ہیں۔گزشتہ روز ملاقات میں دونوں کھلاڑیوں نے حتمی جواب کے لیے ایک روز کی مہلت مانگی تھی جبکہ شہر یارخان نے دونوں کھلاڑیوں کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیا تھا۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں کو محبت اور پیار سے سمجھایا، اب مسئلہ ختم ہوگیا ہے، اظہر علی اور محمد حفیظ جلد کیمپ میں شریک ہوں گے اور قومی ٹیم کو آگے لے کر چلیں گے۔تربیتی کیمپ میں شامل سپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ فاسٹ باو¿لر محمد عامر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ عامر کیمپ میں شامل ہیں لیکن ابھی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ دورہ نیوزی لینڈ کے لیے ٹیم کا اعلان2 سے 3 روز میں ہو جائے گا۔چیئرمین پی سی بی سے ملاقات ختم ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ میرے مو¿قف کو غلط طور پر پیش کیا گیا، اپنے مو¿قف پر قائم تھا اور ہمیشہ قائم رہوں گا۔ محمد عامر سے کوئی ذاتی اختلاف نہیں، پاکستان کا نام خراب کرنے والوں کے خلاف ہوں، ملک کو بدنام کرنے والوں کو پاکستان کے لیے نہیں کھیلنا چاہیے، پاکستان کا وقار آج بھی مقدم ہے، کوئی اسے بیچ دے یہ گوارا نہیں۔ پاکستان کی عزت کو متاثر کرنے والوں کو انہوں نے معاف کردیا تاہم وہ آج بھی پاکستان کو بدنام کرنے والے کے خلاف اپنے موقف پر قائم ہیں۔ چیئرمین پی سی بی نے یقین دہانی کروائی ہے کہ ہمارے تحفظات کا خیال رکھا جائے گا۔ میرے لیے پاکستان کی عزت اہم ہے، کرکٹ میرا شعبہ ہے مجھے اس سے حوصلہ ملتا ہے۔ذرائع کے مطابق اظہر علی اور محمد حفیظ نے سزا یافتہ محمد عامر کومعاف توکردیا لیکن ان کے ساتھ پریکٹس نہیں کی۔ دونو ں کھلاڑی قذافی سٹیڈیم میں پریکٹس کی بجائے مقامی جم میں پریکٹس کرتے رہے ۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ سے ملاقات کے دوران محمد عامر کے حوالے سے اپنا موقف بیان کرتے ہوئے قومی ون ڈے سکواڈ کے کپتان اظہر علی آبدیدہ ہو گئے۔ذرائع کے مطابق اظہر علی نے موجودہ حالات میں ٹیم کی کپتانی سے مستعفی ہونے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔چیئرمین کرکٹ بورڈ نے اظہر علی کو سمجھایا کہ اگر آپ استعفیٰ دے بھی دیں گے تو میں اسے قبول نہیں کرونگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اظہر علی سخت ذہنی دباو¿ کا شکار تھے۔ اس مشکل صورتحال میں اپنی باتوں اور مضبوط دلائل سے سفارتکاری کے میدان میں کامیابیاں حاصل کرنے والے سینئر سفارت کار پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان ملکی کرکٹ خود ایک بڑے تنازع سے نکالنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے دونوں کھلاڑیوں کو میٹھی زبان میں سخت سخت اور بڑی باتیں سمجھانے کی کوشش کی جا میں وہ کامیاب رہے۔ چئیر کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کو قائل کرنے کے لیے قومی و بین الاقوامی سطح پر پیش آنے والے واقعات کو بھی بیان کیا اور کرکٹرز کو سخت موقف کے بعد پیش آنیوالے حالات کے بارے میں بھی سمجھایا۔ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پی سی بی کے چیئرمین سمجھتے ہیں کہ اس مسئلے پر سیاست بھی ہوئی ہے اور پاکستان ٹیم کے دو اہم کھلاڑیوں کو استعمال کیے جانے کے امکانات بھی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن