2014-15 سندھ میں 123 ارب کی مالی بے قاعدگیاں نیب نے تحقیقات شروع کردی
کرا چی (آن لائن) آ ڈ یٹر جنرل آ ف پا کستان کی جانب سے سندھ میں پچھلے مالی سال 2014-15ء میں 123 ارب رو پے کی مالی بے قاعدگیوں کی نیب نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ ذرائع نے بتایا نیب نے آڈیٹر جنرل سے آڈٹ رپورٹ بھی طلب کرلی ہے اور صوبائی محکمہ خزانہ سندھ سے بھی تفصیلات مانگ لی ہیں۔ ذرائع نے بتایا سندھ کے تمام محکموں میں مالی بے قاعدگیوں کی آڈیٹر جنرل نے نشاندہی کی ہے مگر حکومت سندھ نے اس مسئلہ پر تحقیقات کا آغاز بھی نہیں کیا اور حکومت سندھ نے چپ سادھ لینے کا فیصلہ کیا ہے جس کی وجہ سے نیب نے اس میگا ما لی سکینڈل کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے کیس میں 170 سے زائد افراد ملوث ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے، ان میں افسران اور وزراء بھی شامل ہیں۔ ذرائع نے بتایا حکومت سندھ نے یہ رپورٹ سندھ اسمبلی کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کو بھیجنے پر غور شروع کیا ہے تاکہ یہ معاملہ آٹھ دس ماہ چلے پھر اس باب کو بند کردیا جائے اس وقت تک 2015-16ء مالی سال کی رپورٹ بھی سامنے آجائیگی۔