مفاہمت کی منافقانہ پالیسی نے پیپلز پارٹی کو تباہ کردیا: ناہید خان
لاڑکانہ (این این آئی) پیپلز پارٹی ورکرز کی رہنما ناہید خان نے کہا ہے کہ مفاہمت کی پالیسی حقیقت میں منافقت کی پالیسی ہے جس نے پاکستان پیپلز پارٹی کو تباہ کردیا، زرداری ملکی سیاست کا ماضی بن چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار گڑھی خدا بخش بھٹو میں میڈیا سے بات چیت میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گڑھی خدا بخش بھٹو کے شہید سیاسی قلندر ہیں جن کے فلسفے اور فکر کو لوگ عمل پیرا ہیں، کراچی میں معصوم بچی بسمہ کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے معصوم بچی کے والدین کی دکھ اور درد کی قیمت لگائی گئی، بلاول بھی اسی بچی کی طرح ہمیں پیارا ہے، پیپلز پارٹی قیادت کو بسمہ کے ورثاء کے پاس جاکر معافی مانگنی چاہئے تھی۔ سابق سینیٹر ڈاکٹر صفدر عباسی نے کہا کہ ہم گذشتہ 8 سالوں سے کہہ رہے ہیں موجودہ پالیسی کے باعث پیپلز پارٹی کو نقصان ہورہا ہے پیپلز پارٹی کی آواز ترقی پسند تھی جو سندھ تک محدود ہوچکی ہے اگر اسی پالیسی کو جاری رکھا گیا تو صورتحال مزید خراب ہوگی۔ بلاول بھٹو کو مستقبل میں سیاست کرنا ہے تو پارٹی کے نظریاتی اصولوں پر چل کر پارٹی کے اندر احتساب اور جمہوریت کو بحال کریں۔ رینجرز کے اختیارات کو محدود کرنے سے کراچی آپریشن متاثر ہوگا۔