منیر نیازی اور پروین شاکر کی برسی منائی گئی
اسلام آباد (آن لائن) اردو اور پنجابی کے معروف شاعر منیر نیازی کی کو اس دنیا سے رخصت ہوئے 9 برس بیت گئے ہیں وہ 26 دسمبر 2006ء کو حرکت قلب بند ہوجانے کی وجہ سے انتقال کر گئے تھے۔ برسی کے سلسلے میں ادبی حلقوں میں مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا جن میں منیر نیازی کی ادبی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ صاحب طرز شاعر منیر نیازی1927ء کو مشرقی پنجاب کے علاقہ ہوشیار پور میں پیدا ہوئے، وہ جنوبی پنجاب کے اہم شہر بہاولپور میں بھی زیر تعلیم رہے ہیں۔ انکے اردو شاعری کے 13، پنجابی کے 3 اور انگریزی کے 2 مجموعے شائع ہوئے ان میں کلیات منیر، آغاز، بے وفا کا شہر، تیز ہوا، تنہا پھول، جنگل میں دھنک، سیاہ شب کا سفر اور دیگر قابل ذکر ہیں۔ دریں اثناء خوشبو کی شاعرہ پروین شاکر کو اپنے مداحوں سے بچھڑے 21 برس بیت گئے ہیں۔ ان کی بھی برسی منائی گئی۔ اس سلسلے میں ادبی حلقوں میں مختلف تقاریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ادبی شخصیات اور مقررین نے پروین شاکر کی ادبی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔