مقبوضہ کشمیر: جھڑپ مجاہد مظاہرے پاکستانی پرچم لہرائے گئے یاسین ملک ساتھیوں سمیت گرفتار
سری نگر (اے این این+صباح نیوز) مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں بھارتی فوج اور مجاہدین کے درمیان خونریز جھڑپ، مجاہد کمانڈر کی شہادت کے بعد تشدد بھڑک اٹھا،علاقے میں کرفیو نافذ،کرفیو کی پرواہ کئے بغیر ہزاروں مشتعل افراد کے احتجاجی مظاہرے، مظاہرین نے ایک بار پھر پاکستانی پرچم لہرا دیئے، بھارتی فوج کے وحشیانہ لاٹھی چارج اور فائرنگ سے 20 نوجوان زخمی، درجنوں افراد کو حراست میں لے لیا گیا،ریاستی حکومت نے رات گئے کرفیو ہٹاکر تعینات اہلکاروں کو واپس بلالیا، دوران جھڑپ مجاہدین کی فائرنگ سے تین اہلکار شدید زخمی، بھارتی فوج کا مجاہدین کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ ۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے علاقے بانڈی پورہ میں پلوامہ کے مجاہد کمانڈر کی شہادت کے بعد قصبے میں کرفیو نافذ کردیا گیاجسکے دوران فورسز اور مظاہرین کے مابین تصادم میں 25پولیس اہلکاروں سمیت 45افراد زخمی ہوئے۔ پولیس نے لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یٰسین ملک کو ساتھیوں سمیت حراست میں لے لیا۔ یٰسین ملک کو مائسمہ میں ایک جلوس کی قیادت کے دوران گرفتار کیا گیا ٗ یاسین ملک کی قیادت میں مقبول منزل مائسمہ سے جلوس نکالا گیا۔جس میں فرنٹ قائدین اور کارکنوں کی بھاری تعداد نے شرکت کی۔ جلوس نے جب لال چوک کی جانب پیش قدمی کی تو پولیس نے اور جلوس کو روک کر یاسین ملک اور فرنٹ کے دیگر قائدین اور کارکنان کو حراست میں لے لیا گیا۔ان گرفتاریوں کے ساتھ ہی نوجوان مشتعل ہوئے اور انہوں نے مزاحمت کرکے لال چوک کی جانب پیشقدمی جاری رکھی تاہم پولیس نے ان پر اشک آور گولے داغے جس کے بعد مشتعل نوجوانوں نے پولیس پر شدید پتھرائو کیا ۔ پولیس نے مشتعل نوجوانوں کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج کیا اور درجنوں اشک آور گولے داغے ۔ پتھرائو سے ایس ڈی پی زخمی ہو گئے ان کی ناک کی ہڈی ٹوٹ گئی اور ایک آنکھ بھی متاثر ہوئی۔ دوسری جانب بھارتی وزیر اعظم کے دورہ پاکستان کو مقبوضہ کشمیر کے حریت رہنماؤں نے بھی سراہا ہے۔ چیئرمین حریت کانفرنس علی گیلانی کا کہنا ہے پاکستان بھات تعلقات کو بڑھانے پر ان کو کوئی اعتراض نہیں۔ میر واعظ عمر فاروق کا بھی کہنا تھا کہ مودی کا دورہ ایک مثبت قدم ہے۔بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے علی گیلانی کا کہنا تھا کہ کسی بھی مثبت سوچ والے بندے کو پاکستان بھارت تعلقات میں بہتری پر اعتراض نہیں ہو سکتا، تاہم دونوں ملکوں کو چاہئے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کی کوشش کریں۔ میر واعظ عمر فاروق کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام ہر اس اقدام کی حمایت کرے گی جو پاکستان اور بھارت کو قریب لائے۔کشمیری رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں اعتماد کا فقدان ہے، ایسے میں غیر روایتی ڈپلومیسی کامیاب نہیں ہو سکتی۔ علی گیلانی نے کہا ہے کہ بھارتی فوج چپے چپے پر فائرنگ رینج قائم کرکے خطے کے ماحول کو تباہ و برباد کررہی ہے ٗوادی فوجی چھائونی میں تبدیل ہوکررہ گئی ہے۔ مسلم کانفرنس کے چیئرمین پروفیسرعبدالغنی بٹ نے مسئلہ کشمیرکے حل کیلئے لچک اوردوراندیشی کو ناگزیر قراردیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان بھارت مذاکرات کیلئے خوش فہمی یاغلط فہمی کا پیمانہ مقرر کرنا قبل ازوقت ہے۔انہوں نے جنگ درجنگ کے بجائے مذاکرات کوترجیح دینے کوخوش آئندقراردیتے ہوئے کہاکہ دونوں ملکوں کے رویوں میں مثبت تبدیلی عالمی اثرورسوخ کانتیجہ ہے۔