• news

قبلہ اول پرصہیونی پرچم لہرانے کی کسی صورت میں اجازت نہیں دیں گے: شیخ عزام

مقبوضہ بیت المقدس (اے این این) مسجد اقصیٰ کے نگراں ادارے کے چیئرمین اور القدس اسلامی اوقاف کے ڈائریکٹر نے خبردار کیا ہے کہ صہیونی ریاست ایک سازش کے تحت مسجد اقصی پر اسرائیل کا قومی پرچم لہرانے کہ راہ ہموار کررہی ہے ،فلسطینی کسی قیمت پر قبلہ اول پراسرائیلی پرچم لہرانے کی اجازت نہیں دیں گے۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مسجد اقصی اور القدس اوقاف اسلامی کے ڈائریکٹر الشیخ عزام خطیب نے کہا ہے کہ اسرائیل کی کئی مذہبی جماعتیں اور قبلہ اول کی جگہ ہیکل سلیمانی کی تعمیر کی پرچارک انتہا پسند انجمنیں مسجد اقصی کے اندر قب الصخر کے مقام پر اسرائیل کا پرچم لہرانے کی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق عزام کا کہنا ہے کہ تنظیمات ہیکل نامی گروپ نے ایک مہم شروع کر رکھی ہے جس کے تحت اسرائیلی پولیس سے کہا گیا ہے کہ وہ مسجد اقصی کے اندر قب الصخرہ کے مقام پر قائم کردہ پولیس چوکی پر اسرائیل کا پرچم لہرائیں۔ بعد ازاں مرکزاطلاعات فلسطین سے گفتگو کرتے ہوئے الشیخ الخطیب کا کہنا تھا کہ قبلہ اول میں کسی بھی شکل میں اسرائیلی پرچم لانا اور مقدس مقام پر لہرانا آگ سے کھیلنے کے مترادف ہوگا۔انہوں نے اسرائیل کے اشتعال انگیز اقدامات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی ریاست مذہبی جنگ چھیڑنے کی راہ ہموار کررہی ہے۔ مسجد اقصی کی جگہ مزعومہ ہیکل سلیمانی کی تعمیر صہیونیوں کے مذہبی عقاید میں شامل ہے مگر مسلمان اپنے مقدس مقامات کی بے حرمتی کی کسی صورت میں اجازت نہیں دیں گے۔ قبلہ اول میں اسرائیل کا قومی پرچم لہرانا مذہبی جنگ کے ساتھ ساتھ آگ سے کھیلنے کے مترادف ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن