• news

آسٹریلیا کے جنگل میں آگ، 100 سے زائد گھر تباہ

کینبرا (بی ب یسی)آسٹریلیا میں حکام کا کہنا ہے کہ وکٹوریا صوبے میں یوم کرسمس پر لگنے والی آگ میں تقریبا 100 مکانات تباہ ہو گئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق جنگل میں لگنے والی اس آگ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔حکام کے مطابق 98 گھر وائی دریا کے علاقے میں آگ کی زد میں آ گئے ہیں جبکہ سیپریشن کریک میں 18 گھر نذر آتش ہو گئے ہیں۔وکٹوریہ صوبے کے جنوب مغرب میں گریٹ اوشین روڈ کے علاقے میں لگنے والی اس آگ کو بجھانے کے لیے فائر ڈیپارٹمنٹ کے سینکڑوں عملے سرگرم عمل ہیں۔یہ علاقہ چھٹیاں منانے والوں میں بہت مقبول ہے۔موسم میں تبدیلی اور بارش نے جنگل کی اس آگ کے خطرے کو بہت حد تک کم کر دیا ہے تاہم ابھی بھی ہنگامی صورت نافذ ہے اور احتیاط برتنے کی بات کہی جا رہی ہے۔یہ آگ گذشتہ دنوں لگی تھی اور تیز ہواؤں اور موسم کے گرم ہونے کے سبب اس نے خوفناک شکل اختیار کر لی تھی۔آگ کو رہائشی علاقوں کی جانب بڑھنے سے روکنے کے لیے 500 سے زائد فائر فائٹرز، 60 ٹینکرز اور 18 طیاروں کا استعمال کیا گیا ہے۔ آگ کے خطرات کے پیش نظر سیاحوں کے مقبول مقام لورنے سے جمعے کو تقریبا 1600 مقامی باشندوں اور سیاحوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا ہے۔انہیں خدشہ تھا کہ ہواؤں کی وجہ سے آگ لورنے کی طرف بڑھ سکتی ہے تاہم سنیچر کو انہیں وہاں واپس آنے کی اجازت دی گئی ہے۔ بہت سے لوگ جو وہاں کرسمس منانے آئے تھے انہیں آگ کے سبب کھلے آسمان کے نیچے رات بسر کرنی پڑی۔

ای پیپر-دی نیشن