دو قومی نظریے میں پاکستان کا استحکام مضمر ہے: قاری فاروق احمد ،پاکستان قائد اعظم کی بصیرت اور عزم صمیم کا نتیجہ ہے: میاں حنیف
پیرس (صاحبزادہ عتیق سے) دو قومی نظرئے میں پاکستان کا استحکام مضمر ہے۔ پاکستان قائد اعظم کی بصیرت اور عزم صمیم کا نتیجہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے پیرس میں قائد اعظم محمد علی جناح کی سالگرہ کی تقریب میں کیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی فرانس کے چیف آرگنائزر قاری فاروق احمد فاروقی کے دفتر میں بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی 139ویں سالگرہ منائی گئی۔تقریب میں بابائے قوم کو خراج تحسین پیش کیا گیا،اور سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن فرانس کے چیف آرگنائزر میا ں محمد حنیف نے کہا کہ مملکت پاکستان ، قائد اعظم محمد علی جناح کا مسلمانوں کے لیے ایک بیش قیمتی تحفہ ہے ، قائداعظم نے انتھک محنت اور عزم صمیم سے برصغیر کے مسلمانوں کو الگ وطن دلوایا۔ اور ہم سب کو اس کی حفاظت ہمارے خون کے آخری قطر ے تک کرنی ہوگی۔ پاکستان کا قیام قائد اعظم کی کرشماتی شخصیت اور صلاحیتوں کا مرہون منت ہے۔