• news

علما ملک سے بد عنوانی کے خاتمہ کیلئے کردارادا کریں :صدر ممنون

کراچی (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ علمائے کرام ملک سے کرپشن اور بدعنوانی کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کریں اور اپنی تقاریر میں قوم کو کرپشن اور بدعنوانی سے نجات حاصل کرنے کا پیغام دیں کیونکہ یہ ملک کے استحکام کے لئے ضروری ہے، کرپشن سے نہ صرف ملک کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ یہ کرپشن میں ملوث افراد کے لئے بھی رسوائی و تذلیل کا باعث ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ سٹیٹ گیسٹ ہائوس میں عیدمیلادالنبیؐ اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے یوم ولادت کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے اپنے خطاب میں حضرت محمد مصطفیؐ کی تعلیمات اور پیغامات کو مزید فروع دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا ہے اور ہمیشہ اسلام کا قلعہ رہے گا۔ صدر مملکت ممنون نے کہا کہ پاکستان ایک عظیم ملک بنے گا اور اس کے آثار بھی نظر آرہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے کئی ترقیاتی منصوبے شروع کئے ہیں جس کی تکمیل سے ملک کی تقدیر بدل جائے گی۔ انہوں نے اس حوالے پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے کا حوالہ دیا جس میں گوادر پورٹ، گوادر ایئر پورٹ اور توانائی کے کئی منصوبوں بشمول دیگر منصوبے شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن