بلدیاتی الیکشن: اسلام آباد کی مخصوص نشستوں پر انتخاب 18 جنوری کو کرانے کا فیصلہ، سندھ میں نوٹیفکیشن واپس دوسرے مرحلے کے کامیاب امیدواروں کا اعلان
اسلام آباد (اے پی پی) الیکشن کمشن آف پاکستان نے اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری، میٹروپولیٹن کارپوریشن میں خواتین، کسان، ورکرز، ٹینکو کریٹس، یوتھ اور غیر مسلموں کیلئے مخصوص نشستوں پر انتخاب 18 جنوری 2016ء کو کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015ء آئی سی ٹی کی شق 17 کے تحت کیا گیا ہے جس کیلئے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ اسلام آباد کی 50 یونین کونسلوں کے نومنتخب چیئرمین میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کی ان مخصوص نشستوں پر اراکین کے انتخاب کیلئے ووٹ کا حق استعمال کریں گے۔ الیکشن کمشن کی طرف سے انتخابی شیڈول کے مطابق خواہشمند امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 30 سے 31 دسمبر 2015ء تک جمع کراسکتے ہیں۔ کاغذات نامزدگی کی فہرست یکم جنوری کو آویزاں کی جائیگی جس پر اعتراضات 2 جنوری تک جمع کرائے جا سکیں گے ۔ جانچ پڑتال 3 جنوری کو ہو گی اور کاغذات قبول یا مسترد ہونے کیخلاف اپیلیں 4 جنوری تک جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ یہ اپیلیں 5 جنوری تک نمٹائی جائیں گی اور کاغذات نامزدگی کی واپسی 6 جنوری تک کی جا سکے گی جس کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست اور انتخابی نشان کی الاٹمنٹ کے حوالہ سے فہرست 7 جنوری کو آویزاں کی جائیگی اور الیکشن 18 جنوری 2016ء کو ہوں گے۔ دوسری طرف الیکشن کمشن نے سندھ کی میونسپل کارپوریشن اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن و ڈسٹرکٹ کونسل کی بالواسطہ نشستوں پر 14 جنوری کو بلدیاتی انتخاب کرانے کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے۔ ان نشستوں پر انتخابات کیلئے نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائیگا۔ الیکشن کمشن نے سندھ کے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کامیاب امیدواروں کا اعلان کردیا۔ الیکشن کمشن کا کہنا تھا کہ امیدوار 7 روز میں کسی جماعت میں شمولیت اختیار کرسکتے ہیں، آزاد امیدواروں کو پارٹی سربراہ کا خط ریٹرننگ آفیسر کو فراہم کرنا ہوگا۔