ڈوپ ٹیسٹ کی زد میں آنیوالے یاسر شاہ پانچویں پاکستانی کرکٹر
لاہور(سپورٹس ڈیسک )یاسر شاہ پاکستان کے پانچویں انٹرنیشنل کرکٹر ہیں جو ممنوعہ دوا استعمال کرنے پر معطلی کی زد میں آئے ہیں۔ان سے قبل شعیب اختر، محمد آصف، عبدالرحمن اور رضا حسن ڈوپنگ میں پکڑے جا چکے ہیں۔شعیب اختر اور محمد آصف پر ممنوعہ قوت بخش دوا استمعال کرنے پر پابندی نومبر 2006 ءمیں عائد کی گئی تھی۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل 19 کرکٹرز کے پیشاب کے نمونے ملائشیا کی لیبارٹری میں تجزیے کے لیے بھیجے تھے جس سے پتہ چلا کہ شعیب اختر اور محمد آصف نے ممنوعہ دوا نینڈرولون کا استعمال کیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے شعیب اختر پر دو سالہ پابندی عائد کردی تھی جبکہ محمد آصف پر ایک سال کی پابندی لگائی گئی تاہم صرف ایک ماہ بعد ہی دونوں کرکٹرز کو پاکستان کرکٹ بورڈ ہی کی تین رکنی کمیٹی نے بری کردیا۔ اس کمیٹی کے سربراہ جسٹس فخرالدین جی ابراہیم تھے۔محمد آصف دوسری مرتبہ ڈوپنگ کی زد میں اس وقت آئے جب 2008 ءمیں آئی پی ایل کے دوران ان کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت پایا گیا۔