• news
  • image

قوم پر جہالت، کرپشن اور غربت مسلط کرنیوالے کسی رعایت کے مستحق نہیں: سراج الحق

لاہور ( سپیشل رپورٹر) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ میری دشمنی جہالت، غربت اور کرپشن سے ہے۔ قوم پر جہالت، غربت اور کرپشن مسلط کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ نوجوان پاکستان کو کرپشن فری بنانے کیلئے میرا ساتھ دیں۔ ظالم سرمایہ دار قومی دولت لوٹ کر درجنوں کارخانوں کے مالک بن بیٹھے ہیں اور مزدور کا بیٹا آج بھی تعلیم صحت اور روز گار سے محروم ہے۔ قوم سے غداری کے عوض جاگیریں لینے والوں کی جاگیریں ضبط کرکے غریب کاشتکاروں اور کسانوں میں تقسیم کریں گے۔ جنوری میں کرپشن کے خلاف بڑی تحریک کا آغاز کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے زیر اہتمام کنونشن سینٹر اسلام آباد میں نوجوانوں کے بڑے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے اصل مجرم وہ حکمران ہیں جنہوں نے ملک و قوم کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے غلام بنایا۔ ملکی اقتدار پر قابض رہنے والوں نے68سال میں پاکستان کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے، ان کی کرپشن کے اربوں ڈالر بیرونی بنکوں میں پڑے ہیں اور میرے ملک کا نوجوان بیروز گاری کی چکی میں پس رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملت سے غداری کرکے انگریز سے جاگیریں حاصل کرنے والوں کی تیسری نسل عوام کی گردنوں پر سوار ہے ،انہیں صرف اپنے جاہ و جلال اور پروٹوکول سے غرض ہے۔ وی آئی پی کلچرنے عام آدمی کی زندگی اجیرن کررکھی ہے۔ معصوم بچے سڑکوں پر دم توڑ رہے ہیں اور ملک کی ظالم اشرافیہ بے حسی کی آخری حد کراس کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیٹس کو، کی حامی قوتیں عوام کے خلاف متحد ہوچکی ہیں اور اپنے اسٹیٹس کو کے تحفظ کیلئے آخری حد تک جانے کو تیار ہیں مگر ہم نے بھی تہیہ کرلیا ہے کہ ان قوتوں کو مزید برداشت نہیں کریں گے۔ 

epaper

ای پیپر-دی نیشن