• news

پاکستان، بھارت مذاکرات اچھی پیش رفت، پارلیمنٹ کو بھی اعتماد میں لینا چاہئے: فضل الرحمن

اسلام آباد/ ڈیرہ اسماعیل خان (وقائع نگار خصوصی+نامہ نگار+آئی این پی) پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمن نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ لاہور کا خیر مقدم کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت مذاکرات کا عمل دوبارہ شروع ہونا اس خطہ کے عوام کے لیے خوش آئند ہے۔ دونوں ملکوں کے مابین باہمی مسائل با ت چیت کے ذریعے حل ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت میں مذاکرات اچھی پیش رفت ہے مگر پارلیمنٹ کو بھی بھرپور اعتماد میں لیا جاناچاہیے، خطے میں امن کے قیام اور پاکستان بھارت مذاکرات کو آگے بڑھانے کیلئے مسئلہ کشمیر کو بھی حل کرنا ضروری ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان بات بولی سے ہونی چاہئے گولی سے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ پاکستان اور بھارت میں مذاکرات کی حمایت کی ہے لیکن ایسا نہیں ہو سکتاکہ جب بھارت کا دل کرے تب ہی مذاکرات ہوں۔ وزیراعظم نوازشریف کو چاہیے کہ وہ بھارت کے ساتھ مذاکرات کے معاملے پر پارلیمنٹ کو بھی مکمل اعتماد میں لیں۔ علاوہ ازیں ڈیرہ اسماعیل خان میں اجلاس سے خطاب کرتے فضل الرحمن نے کہا کہ اسلام دنیا کیلئے خطرہ نہیں یہ انسانیت کیلئے رحمت کا دین ہے۔ جمعیت خیر کی دعوت دینے کے ساتھ ساتھ امریکہ سمیت باطل قوتوں کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہے۔ ڈیرہ میں قدرتی گیس کی مختلف علاقوں میں فراہمی کے لئے وفاقی سے 77 کروڑ روپے منظور ہو چکے ہیں اقتصادی راہداری کا ڈی آئی خان سے گزرنے کے بعد علاقہ تجارتی ہب بن جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست پر صرف دنیا داروں کا حق نہیں۔ منافقت، جھوٹ، کرپشن، بد دیانی کی سیاست میں کوئی گنجائش نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن