• news

چودھری سرور کی طاہر القادری سے ملاقات، انتخابی اصلاحات، مسائل کے حل کیلئے تعاون کا فیصلہ

لاہور (خبرنگار+ سپیشل رپورٹر) تحریک انصاف پنجاب کے آرگنائزر چودھری محمد سرور نے گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے انکی رہائشگاہ پر ملاقات کی جس میں ملک میں انتخابی اصلاحات‘ سانحہ منہاج القرآن کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے‘ ملک سے کرپشن‘ مہنگائی‘ بیروزگاری اور ناانصافی کے خاتمے کیلئے ایک دوسرے سے مکمل تعاون کر نے کا فیصلہ کیا گیا۔ گزشتہ روز چودھری محمد سرور نے ڈاکٹر محمد طاہر القادری سے انکی رہائشگاہ پر ملاقات کی جبکہ اس موقع پر خرم نواز گنڈا پور کے علاوہ ڈاکٹر طاہر القادری کے صاحبزادے اور عوامی تحر یک کے دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران دونوں قائدین نے عوامی مسائل کے حل کیلئے بھرپور آواز بلند کرنے اور ایک دذوسرے سے مکمل تعاون کا بھی یقین دلایا۔ ملاقات کے بعد مشتر کہ پر یس کانفر نس سے خطاب کرتے ہوئے چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور عوامی تحریک دونوں حق سچ اور انصاف کی بات کرتے ہیں۔ ہم ملک میں انتخابی اصلاحات اور مضبوط اور خود مختار الیکشن کمشن چاہتے ہیں۔ عوامی مسائل کے حوالے سے آنیوالے دنوں میں ڈاکٹر طاہر القادری کے ساتھ ملکر تحر یک انصاف کے پارٹی انتخابات کے بعد حکمت عملی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی انتخابات میں پارٹی کے لوگوں کو تحفظات ہیں مگر جمہوریت کی مضبوطی کیلئے پارٹی انتخابات ضروری ہیں۔ خرم نوازگنڈا پورنے کہا کہ ملاقات کے دوران بلدیاتی انتخابات سمیت سانحہ منہاج القر آن کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ ہم سانحہ منہاج القر آن کے ذمہ داروں سے بدلہ لیے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ علاوہ ازیں چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی کرپشن او رعوام دشمن پالیسوں کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد ملکی مفاد میں ہوگا‘ موجودہ حکمران عوامی مفادات نہیں اپنے سیاسی فائدے کو تر جیح دیتے ہیں‘ تحریک انصاف ہی ملک میں حقیقی تبدیلی لائیگی۔ گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر تحریک انصاف شعبہ خواتین پنجاب کی صدر سلونی بخاری کی قیادت میں ملاقات کرنیوالی پارٹی خواتین اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تحر یک انصاف ملک میں ٹکرائو اور محاذ آرائی کی سیاست نہیں چاہتی۔ علاوہ ازیں گزشتہ روز جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کے پانچویں سالانہ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ آج پارلیمنٹ یا کابینہ کا حصہ بننے کیلئے علم، دیانت، شرافت کوئی پیمانہ نہیں رہا، متوسط طبقہ کی شناخت صرف علم اور کردار سے ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن