سندھ: دہشت گردی کے مزید 28 مقدمات فوجی عدالتوں کو بھیجنے کا فیصلہ
کراچی (نوائے وقت نیوز) حکومت سندھ نے جمعیت علماء اسلام کے رہنما ڈاکٹر خالد محمود سومور قتل کیس سمیت مزید 28 مقدمات ملٹری کورٹس بھیجنے کی کارروائی شروع کردی۔ محکمہ قانون کی کارروائی کے بعد یہ مقدمات وفاقی وزارت داخلہ کو حتمی منظوری کے لئے بھیجے جائیں گے۔ محکمہ قانون کے ذرائع نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ محکمہ قانون سندھ میں ان 28 مقدمات کی جانچ پڑتال اور قانونی رائے لینے کا عمل جاری ہے۔ آئی جی سندھ نے سکھر رینج کے سات مقدمات سمیت 28 مقدمات ملٹری کورٹس بھیجنے کی سفارش کی تھی۔ ان مقدمات میں خالد محمود سومرو قتل کیس بھی شامل ہے۔ تمام 28 مقدمات پر محکمہ قانون کی رائے کے بعد وزارت داخلہ کو حتمی منظوری کے لئے بھیج دیا جائے گا۔