زرعی بینک کا ون ونڈو آپریشن جاری‘ شکایات کے ازالے کیلئے ہیلپ لائن قائم
لاہور (اے پی پی) زرعی ترقیاتی بینک نے ون ونڈو آپریشن کے تحت کاشتکاروں کوقرضوں کی فراہمی میں کسی قسم کی مشکل یا شکایت فوری ٹال فری نمبر پر درج کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاشتکاروں کی سہولت کیلئے آسان شرائط پر بیج ، کھاد، زرعی آلات و دیگر زرعی مداخل کے حصول کیلئے بھر پور طریقے سے ون ونڈو آپریشن کے تحت قرضوں کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے اور ہر سوموار کو 25ایکڑ نہری اور 50 ایکڑ بارانی زمین کے مالک کاشتکاران سے قرضوں کی فراہمی کیلئے درخواستیں وصول کی جا رہی ہیں۔ زرعی ترقیاتی بینک لاہور ریجن کے ذرائع نے بتایاکہ زرعی ترقیاتی بینک کی تمام برانچوں کے منیجرز کو پابند کیا گیا کہ وہ کاشتکاروں کو 72گھنٹوں کے اندر اندر قرضوں کی فراہمی یقینی بنائیں۔ فری ہیلپ لائن 0800-15000 کا بھی اجراءکر دےا گےا۔ اگر کسی کاشتکار کو بینک عملہ کے بارے میں کسی قسم کی کوئی شکایت ہو یا انہیں ون ونڈو آپریشن کے تحت قرضوں کی فراہمی میں بلاجواز تاخیر کا سامنا ہو تو وہ فوری طور پر ملک کے کسی بھی حصہ سے مذکورہ فری ہیلپ لائن پر مفت کال کر کے اپنی شکایت درج کروا سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کاشتکاروں کی شکایت پر 48گھنٹوں کے اندر اندر کارروائی کو یقینی بنایا جائیگا۔