اکنامک کوریڈور منصوبہ معاشی استحکام لائے گا، کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے:شہباز شریف
لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں وطن عزیزکو بجلی کی لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے کیلئے موثر اقدامات کر رہی ہے۔ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت ساہیوال میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کا 1320 میگاواٹ کا کارخانہ لگایا جا رہا ہے اور اس منصوبے پر انتہائی تیز رفتاری سے کام جاری ہے۔ ساہیوال میں کول پاور پلانٹ کا منصوبہ 2017 میں مکمل ہوگا جبکہ حویلی بہادر شاہ، بھکی اور بلوکی میں گیس کی بنیاد پر لگائے جانے والے پاور پلانٹس کی تکمیل سے مجموعی طور پر 3600 میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی۔ یہ تمام منصوبے 2017-18ء میں مکمل ہوں گے اور ان منصوبوں سے حاصل ہونے والی بجلی سے لوڈ شیڈنگ میںنمایاں کمی ہوگی۔ گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے منتخب نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت اپنے وسائل سے شیخوپورہ میں گیس کی بنیاد پر 1180میگا واٹ کا بھکی پاور پلانٹ لگا رہی ہے جبکہ وفاقی حکومت بلوکی اور حویلی بہادر شاہ میں گیس پاور پلانٹ پر کام کررہی ہے منصوبوں کے مکمل ہونے سے توانائی بحران کے خاتمے اور ملک سے لوڈشیڈنگ کے اندھیرے دور کرنے کیلئے کی جانے والی کاوشوں کو بے حد تقویت ملے گی وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں گیس کی بنیاد پر پنجاب میں لگنے والے 3600 میگا واٹ کے بجلی کے منصوبوں میں غریب قوم کے 110ارب روپے بچائے گئے ہیں جس کی ملک کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی- ملک کے طول و عرض میں پھیلے اندھیرے اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے نوازشریف کی قیادت میں دن رات کام ہورہا ہے جس کا پورا پاکستان گواہ ہے چین کا اربوں ڈالر کا اقتصادی پیکیج چین کی حکومت کا وزیراعظم محمدنوازشریف کی قیادت پر اعتماد اور پاکستان کے عوام سے والہانہ محبت کا اظہار ہے- پاکستان کے عوام چین کے تاریخی پیکیج کا احسان عظیم کبھی فراموش نہیں کر سکتے- وزیراعلیٰ نے کہاکہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی پالیسیوں کی بدولت غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں معاشی و سماجی شعبوں میں بہتری کیلئے تیزرفتاری سے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کا منصوبہ پاکستان سمیت پورے خطے میں خوشحالی اور معاشی استحکام لائے گا۔ سی پیک کے منصوبوں کی تکمیل کیلئے جان لڑا دیں گے اور کسی کو قومی مفاد کے اس عظیم منصوبے میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ارشد محمود تبسم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ آن لائن کے مطابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ اجتماعی زیادتی کیس میں ملوث ملزمان سزا سے نہیں بچ پائیں گے، کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی زیادتی کیس کے تمام ملزمان پکڑے گئے ہیں جب کہ مرکزی ملزم عدنان ثناء اللہ کو گزشتہ رات حراست میں لیا گیا جس کے بعد ملزمان کے نمونے لے کر فرانزک لیب بھجوائے گئے ہیں جس کی رپورٹ کی روشنی میں ملزمان کے خلاف کارروائی ہوگی۔وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں۔