مجرم ملک چلا سکتے ہیں تو عامر کھیل کیوں نہیں سکتا‘کرپٹ لوگ ایک دوسرے کو بچاتے ہیں: عمران کاٹوئیٹر پیغام
اسلام آباد (آن لائن+ آئی این پی+ اے ایف پی) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے پیپلز پارٹی کا سیاسی انتقام کا واویلا صرف مجرموں اور بدعنوان عناصر کے تحفظ کیلئے ہے۔ کرپٹ عناصر کیخلاف سندھ کی طرح دیگر صوبوں میں بھی کارروائی ہونی چاہئے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے انہوں نے کہا پیپلزپارٹی سندھ میں چوروں اور بدعنوان عناصر کا احتساب ہونے پر سیاسی انتقام کا واویلا صرف مجرموں کے تحفظ کیلئے کر رہی ہے۔ سندھ میں مجرم ایک دوسرے کو بچانے کے لئے احتساب کا شور مچا رہے ہیں۔ پنجاب میں بھی نیب کو بدعنوان لوگوں کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے۔ خیبرپی کے میں نیب آزاد اور بہت مضبوط ہے، تحریک انصاف کے پی کے میں نیب کی کارروائیوں میں مداخلت نہیں کرتی۔ نیب خیبر پی کے کسی بھی محکمہ میں کارروائی کرے گی تو تحریک انصاف خوش آمدید کہے گی۔ آئی این پی کے مطابق عمران خان نے کہا پیپلزپارٹی کی جانب سے سیاسی انتقام کا واویلا بدعنوانوں کے تحفظ کیلئے ہے، کرپٹ لوگ ایک دوسرے کو بچاتے ہیں اور خود ہی شور مچاتے ہیں۔ سندھ کی طرح پنجاب میں بھی کرپشن کیخلاف آپریشن کیا جانا چاہئے۔ نیٹ نیوز کے مطابق عمران خان نے کہا پیپلزپارٹی سندھ میں لٹیروں کو بچانے کیلئے مظلومیت کا شور مچا رہی ہے، پنجاب سمیت سب کا احتساب ہونا چاہئے، اے ایف پی کے مطابق نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان نے کرکٹر محمد عامر کی واپسی کی حمایت کرتے ہوئے ساتھی کھلاڑیوں اور مداحوں کو انکی سپورٹ کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا عامر نے عدالت کے سامنے اپنا جرم تسلیم کیا لہذا انہیں دوسرا موقع ملنا چاہئے۔ سیاسی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عمران خان نے کہا مجرم ملک چلا رہے ہیں ایسے میں سزا پوری کرکے واپس آنیوالے کی مخالفت ٹھیک نہیں۔ مجرم ملک چلاسکتے ہیں تو عامر کھیل کیوں نہیں سکتا۔