کرکٹر محمد عامر کی قومی ٹیم میں شمولیت کیخلاف ہائیکورٹ میں درخواست
لاہور ( اپنے نامہ نگار سے)میچ فکسنگ میں سزا یافتہ کرکٹر محمد عامرکو نیوزی لینڈ جانے والی قومی کرکٹ ٹیم میں شامل کرنے کے اقدام کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ جسٹس پارٹی کے سربراہ منصف اعوان ایڈووکیٹ کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ محمد عامر میچ فکسنگ میں ملوث ہونے کی بناء پر دنیا بھر میں پاکستان کی بدنامی کا باعث بن چکا ہے۔ درخواست میں پی سی بی کے سربراہ شہریار خان اور کرکٹ ٹیم کے کوچ وقار یونس کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے۔سابق کھلاڑی کو نیوزی لینڈ میں ہونے والی کرکٹ سیریز میں کھلاڑی کی حیثیت سے شامل کیا جانا قوانین کی خلاف ورزی اور عوامی اشتعال کا سبب ہے۔عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ محمد عامر کو قومی ٹیم میں شامل کرنے اور ٹریننگ کیمپ میں شرکت سے روکنے کے احکامات صادر کرے۔سماعت آج ہو گی۔