• news

نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو شکست دیکر ون ڈے سیریز میں 2-0 سے برتری حاصل کر لی

کرائسٹ چرچ (آئی این پی) نیوزی لینڈ نے دوسرے ایک رو زہ میچ میں سری لنکا کو 10وکٹوں سے ہرا کر سیریز میں 2-0 سے برتری حاصل کر لی ‘آئی لینڈرز 117 رنز پر آئوٹ ‘میٹ ہینری نے چار اور مک کلینیگن نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا‘سری لنکا کی طرف سے جیت کیلئے دیا گیا 118 رنز کا ہدف نیو زی لینڈ نے 8.2 اوورز میں حاصل کر لیا‘مارٹن گپتل کے 30 گیندوں پر 8 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 93 رنز ‘ مین آف دی میچ قرار ۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو دوسرے ایک روزہ میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تو پوری ٹیم مقررہ 50 اوورز میں صرف 117 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔آغاز سے ہی سری لنکا کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور کوئی بھی بلے باز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری نے چار اور مک کلینیگن نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔میزبان ٹیم نے 118 رنز کا ہدف باآسانی صرف 8.2 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے ہی حاصل کر لیا۔اوپنر مارٹن گپٹل نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 17 گیندوں پر نصف سنچری سکور کی جس کے بعد وہ نیوزی لینڈ کی جانب سے تیز ترین نصف سنچری سکور کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔انھوں نے 30 گیندوں پر 93 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں نو چوکے اور آٹھ چھکے شامل تھے۔اس قبل کرائسٹ چرچ میں ہی کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی۔دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ 30 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن