پی سی بی نے 2017ء میں قومی ٹیم کے دورہ بھارت کو 2016ء کی مکمل سیریز کھیلنے سے مشروط کر دیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے 2017ء دورہ بھارت کے لیے شرط عائد کر دی۔ بھارتی کرکٹ ٹیم 2016ء میں پاکستان کے ساتھ مکمل سیریز کھیلے گی تو ایسا ممکن ہو پاکستان ٹیم 2017ء میں بھارت کے دورہ پر جائے گی۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق دونوں بورڈز کے درمیان طے پانے والے ایم او یو کے تحت 8 سالوں میں چھ سیریز کھیلی جائیں گی جن میں سے چار سیریز کی میزبانی پاکستان کرئے گا جبکہ دو سریز کا بھارت میزبان ہوگی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس حوالے سے 2016ء میں اپنی اور بھارتی کرکٹ ٹیم کی مصروفیات کا جائزہ لیکر سیریز کے لیے ونڈو تلاش کرنا شروع کر دی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ کو پیغام پہنچا دیا ہے جبکہ جنوری میں ہونے والے آئی سی سی اجلاس کے موقع پر بھی دونوں ملکوں کے سربراہان اس معاملے پر تبادلہ خیال کرینگے۔ دوسری جانب پاکستان اور بھارت کے سربراہان مملکت میاں نواز شریف اور نریندری مودی کے درمیان لاہور میں ہونے والی ملاقات کے بعد اس بات کے امکانات روشن ہونا شروع ہو گئے ہیں کہ بھارتی حکومت بی سی سی آئی کو پاکستان کے ساتھ کرکٹ تعلقات کی بحالی کے لیے گرین سگنل جاری کر دیں۔