نوازشریف مودی سے ملاقات پر ڈفلیاں بجانے کی بجائے قومی مسائل پر توجہ دیں: سمیع الحق
صوابی (این این آئی) جے یو آئی کے امیر مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ جو کام حکومتوں اور عسکری قوتوں سے نہ ہوسکا وہ کام مدارس کے طلباء نے کر دکھایا۔ افغانستان میں دو سپر طاقتوں، روس اور امریکہ کو ذلت آمیز شکست سے دوچار کردیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جلبی اور جہانگیرہ میں تعزیتی ریفرنسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مدارسکی رجسٹریشن کی تجدید میں حکمرانوں کے حیلے بہانے سوالیہ نشان ہے اور اس سے اندازہ ہورہا ہے کہ ہمارے حکمرانوں کے ارادے ٹھیک نہیں اور وہ مدارس کو بدنام کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔مولانا سمیع الحق نے کہاکہ ہمارے ملک کے مفاد پرست سیاستدانوں اور حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک روز بروز کمزور ہوتا جارہا ہے۔ نوازشریف نریندر مودی سے ملاقات کی ڈفلیاں بجانے کی بجائے قوم کے مسائل اور مشکلات پر توجہ دیں۔