لاہور سمیت متعددشہروں میں ٹریفک حادثات 19 افراد جاں بحق 68زخمی
لاہور (نامہ نگار+ سٹاف رپورٹر+ خصوصی رپورٹر+ نمائندگان) لاہور سمیت مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات میں خواتین اور بچوں سمیت 19 افراد جاں بحق جبکہ 68 زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق برکی کے علاقہ میں جاوید اپنے دوستوں طارق اور وارث کے ہمراہ کار پر جا رہا تھا کہ تیزرفتاری کے گاڑی نہر میں جاگری۔ ریسیکو اہلکاروں نے زخمیوں کو نہر سے نکال کر ہسپتا ل منتقل کیا جبکہ ہربنس پورہ کے علاقہ لال پل کے قریب چنگ چی رکشہ اور موٹر سائیکل کی ٹکر کے نتیجے میں دو افراد نعیم اور انور زخمی ہوگئے۔ علاوہ ازیں لوئر کوہستان میں گلگت سے سوات جانے والی کار تریز بانڈہ کے مقام پر گہری کھائی میں جاگری حادثہ میں 5 افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔ اٹک میں پشاور روڈ پر مسافر بس اورکار میں تصادم کے نتیجہ میں خواتین، بچی سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔ جعفرآباد کے علاقے ڈیرہ اللہ یار بائی پاس پر مسافر بس اور ویگن میں تصادم سے 35 افراد زخمی ہو گئے۔ لاہور روڈ جوئیانوالہ موڑ کے قریب ٹرالر نے تین موٹر سائیکل سواروں کو تیز رفتاری کے باعث کچل دیا جس میں دو سگے بھائی 25 سالہ ظہیر اور 35 سالہ ندیم موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ علاوہ ازیں قلعہ ستار شاہ کے قریب لاہور سے فیصل آباد جانے والی مسافر کوچ ٹرک کو اوورٹیک کرتے ہوئے حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجہ میں 22 مسافر جن میں مردو خواتین اور بچے شامل ہیں زخمی ہو گئے جنہیں بس کی باڈی کاٹ کر نکالا گیا۔ بھلوال میں موٹر وے پر ڈرائیور کے سو جانے کے باعث کار فٹ پاتھ سے ٹکرانے کے نتیجہ میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ دو شدید زخمی ہو گئے۔ میانوالی میں گاڑیوں کی ٹکر سے 2موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گئے جبکہ بان سنبل کے شیر بہادر اور طارق موٹر سائیکل پر کندیاں جا رہے تھے کہ نیوخان کمپنی کی بس نے پیچھے سے ان کو ٹکر ماری جس سے دونوں شدید زخمی ہوکر گر پڑے، انہیں فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال میانوالی لیجایا گیا جہاں شیر بہادر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ دوسری جانب موٹر وے پر صوابی انٹرچینج کے قریب کار اور بس کے تصادم میں دو خواتین اور کمسن بچیوں سمیت ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق جبکہ ماں بیٹا زخمی ہوگئے۔ ٹیلی نار کمپنی کا منیجر ثناء اللہ اہل خانہ کے ہمراہ مری میں سیروتفریح کے بعد واپس مردان آرہا تھا کہ تیزرفتار بس سے ٹکر ہوگئی۔دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اٹک کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے اور انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔