سینٹ کمیٹی نے ماحولیاتی ترمیمی بل منظور کرلیا، اسلام آباد میں شاپنگ بیگ پر پابندی کی سفارش
اسلام آباد (آن لائن+ آئی این پی) سینٹ قائمہ کمیٹی موسمیاتی تبدیلی نے تحفظ پاکستان ماحولیاتی ترمیمی بل 2015ء کو متفقہ طور پر منظور کرلیا ہے۔ آئی سی ٹی اسلام آباد کے علاقوں میں شاپنگ بیگ کے استعمال پر مکمل پابندی کی سفارش کردی ہے۔ وفاقی وزیر زاہد حامد نے کمیٹی کو بتایا کہ صوبوں سے مشاورت جاری ہے قومی موسمیاتی تبدیلی پالیسی پر کابینہ سے منظوری کے بعد عمل شروع ہو جائے گا۔ چیئرمین قائمہ کمیٹی موسمیاتی تبدیلی سینٹر یوسف بادینی نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ جنگلات کا کٹائو روکنے ‘ آبی ذخائر کے تیزی سے خاتمے اور ڈیموں میں مٹی جمنے کے معاملات پر خصوصی توجہ دی جائے۔ جنگلات کی بڑھتی ہوئی کٹائی سے ماحولیات پر اثرات بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایل پی جی سلنڈروں پر سبسڈی دینی چاہئے اور ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے آگاہی کیلئے پی ٹی وی پر مہم کا آغاز کیا جائے۔ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی زاہد حامد نے کہا کہ پیریس کانفرنس میں پاکستان کی طرف سے موسمیاتی تبدیلیوں کے معاملات سے آگاہ کیا گیا اور کانفرنس میں بتایا گیا کہ پاکستان نے ایک سٹڈی کمشن قائم کردیا ہے جو طے کرے گا کہ کس سال میں کتنی گرین ہائوس گیس بنتی ہے اور زائد گیس کو کتنا نیچے لانا ہے۔ ترقی یافتہ ممالک کی وجہ سے ترقی پذیر ممالک گرین ہائوس گیسز سے متاثر ہیں ان کا خاتمہ سب کی ذمہ داری ہے۔