فریال تالپور نے بختاور اور آصفہ بھٹو زرداری کے ہمراہ لاڑکانہ کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا
لاڑکانہ (بیورو رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کی ایم این اے فریال تالپور نے بختاور بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری کے ہمراہ لاڑکانہ کے ڈپٹی کمشنر آفس پہنچ کر وہاں عام لوگوں کی سہولت کیلئے قائم کردہ کمپیوٹرائزڈ ڈومیسائل رجسٹریشن سینٹر اور دربار ہال کے مرمتی کام کا افتتاح کیا۔ انہوں نے ڈومیسائل برانچ کے مختلف سیکشنز کا بھی دورہ کیا جہاں ڈپٹی کمشنر جاوید علی جاگیرانی نے انہیں بریفنگ دی جس کے بعد انہوں نے لاڑکانہ پولیس لائن پہنچ کر شہر کے گندے پانی کی نکاسی کے لیے تیار کردہ ڈسپوزل پمپنگ سٹیشن کا افتتاح کرتے جائزہ لیا۔ اس موقع پر کمشنر لاڑکانہ غلام اکبر لغاری نے انہیں پمپنگ سٹیشن کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا یہ سکیم جنوری 2015ء سے شروع کی گئی ہے جس کا کام تیزی سے جاری ہے۔ فریال تالپور نے ہدایات جاری کیں یہ کام تیزی سے چلائی جائے۔ فریال تالپور، بختاور بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری نے بیگم نصرت بھٹو گرلز کالج کے جاری کام کا معائنہ کیا۔ ایم این اے فریال تالپور، بختاور بھٹو اور آصفہ بھٹو زرداری بعد میں لاڑکانہ کے روینیو کالونی میں ایرانی حکومت کے تعاون سے تیار کردہ گرلز ہائی سکول کے جاری ترقیاتی کام کا بھی جائزہ لیا۔ لاڑکانہ بائی پاس پر انڈس ہائی وے اور لاڑکانہ خیرپور پل کو ملانے کیلئے تیار کی گئی سرکیولر روڈ کا افتتاح کیا۔ ڈپٹی کمشنر جاوید علی جاگیرانی نے بریفنگ دیتے بتایا اس روڈ کا سنگ بنیاد 1996ء میں محترمہ بینظیر بھٹو نے رکھا تھا اور یہ کام 19 سالوں کے بعد مکمل کیا گیا ہے۔