رواں مالی سال جی ڈی پی گروتھ ریٹ کا ہدف حاصل نہیں ہو سکے گا: ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن
لاہور (کامرس رپورٹر )آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن نے حکومت پر واضح کر دیا ہے کہ رواں مالی سال 2015-16کے جی ڈی پی گروتھ کا 5.5فیصد کا ہدف حاصل نہیں ہو سکے گا کیونکہ کیونکہ پنجاب میں بجلی کے زائد ٹیرف اور ٹیکس و ڈیوٹیاں بڑھنے کے باعث ٹیکسٹائل انڈسٹری اور زراعت کا شعبہ زبوں حالی کا شکار ہے اور 270ٹیکسٹائل ملوں میں سے 110ٹیکسٹائل ملیں بند ہو چکی ہیں جبکہ کپاس کی 40فیصد فصل تباہ ہو گئی ہے ۔ اس سال خدشہ ہے کہ ٹیکسٹائل برآمدات بمشکل 10ارب ڈالر تک پہنچیں گی۔ان خیالات کا اظہار(اپٹما) کے چیئرمین عامر فیاض اور گروپ چیئرمین گوہر اعجاز نے (لیجا) کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے کے موقع پر کیا ۔