• news

پنجاب خدمت کارڈ پروگرام کا افتتاح:2 لاکھ خصوصی افراد مستفید ہونگے: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) پنجاب حکومت نے مستحق خصوصی افراد کی مالی معاونت، بحالی و فلاح، مفت فنی تربیت اور بلاسود قرضوں کی فراہمی کیلئے پاکستان کی تاریخ میں اپنی نوعیت کے پہلے اور منفرد پروگرام ’’پنجاب خدمت کارڈ ‘‘ کا اجراء کر دیا ہے۔ ’’پنجاب خدمت کارڈ پروگرام‘‘ کے تاریخی پروگرام کا افتتاح وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے گزشتہ روز ایوان وزیراعلیٰ میں منعقدہ تقریب کے دوران کیا۔ شہبازشریف نے لیپ ٹاپ کا بٹن دبا کر ’’پنجاب خدمت کارڈ پروگرام‘‘ کا باقاعدہ اجراء کیا اور خصوصی افراد کی نشستوں پر جا کر ان میں خدمت کارڈز تقسیم کئے۔ شہباز شریف نے ’’پنجاب خدمت کارڈ‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر میں خصوصی افراد کو معاشرے کا فعال اور مفیدرکن بنانے کیلئے ’’پنجاب خدمت کارڈ پروگرام‘‘ کا آغاز کر دیا گیا ہے اور یہ پروگرام پورے پنجاب میں شروع کیا گیا ہے۔ ’’پنجاب خدمت کارڈ پروگرام‘‘ کے پہلے مرحلے کیلئے 2 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں اور اس پروگرام سے صوبے بھر کے 2 لاکھ مستحق خصوصی افراد مستفید ہوں گے۔ پروگرام کے تحت مستحق خصوصی افراد کو 3600 روپے سہ ماہی دیئے جائیں گے اور رقوم کی ادائیگی کیلئے ایسا باوقار طریقہ کار اختیار کیا گیا ہے جس سے ان کی عزت نفس مجروح نہ ہو۔ مستحق خصوصی افراد بینک آف پنجاب کی شاخوں یا اے ٹی ایم مشینوں سے رقوم حاصل کر سکیں گے۔ خصوصی افراد بھی عام شہریوں کی طرح عظیم پاکستانی ہیں اور ان کے دل میں بھی وطن کی تڑپ اور معاشرے پر بوجھ بننے کی بجائے اس کا بوجھ بانٹنے کا جذبہ اور لگن موجود ہے۔ خصوصی افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیںاور ان کی معاونت کرنا معاشرے اور ریاست کا فرض ہے۔ خصوصی افراد کو اگر تکنیکی، فنی اور ووکیشنل تربیت سے آراستہ کیا جائے تو وہ معاشرے کیلئے کارآمد اور مفید ثابت ہو سکتے ہیں اور معاشرے کے دکھ درد بانٹنے میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔ پنجاب خدمت کارڈ پروگرام کے ذریعے ہم خدانخواستہ ہاتھ پھیلانے والوں کی فوج ظفر موج تیار نہیں کر رہے بلکہ اس پروگرام کے ذریعے خصوصی افراد کی مالی معاونت اور فنی تربیت کے ذریعے انہیں اپنے پائوں پر کھڑا کریں گے تاکہ وہ اپنے لئے روزگار کما سکیں جس سے ان کی عزت و توقیر میں بھی اضافہ ہوگا اور وہ عملی طور پر معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں گے، اس پروگرام کا آغاز آج پنجاب کے 9 ڈویژن اور 36 اضلاع میں بیک وقت کر دیا گیا ہے اور اس پروگرام کے ذریعے نہایت شفاف طریقے سے خصوصی افراد کی مالی معاونت کی جائے گی۔ مستحق خصوصی افراد کو خدمت کارڈ کے ذریعے مالی امداد کی ادائیگی کیلئے اضلاع کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں اور یہ تمام عمل انتہائی شفاف انداز میں ہوگا جس کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے گی۔پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کا ذکرکرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ مستحق، ذہین اور ہونہار طلبا و طالبات کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ حکومت پنجاب کا ایک انقلابی پروگرام ہے اور اس فنڈ کا مجموعی حجم 15 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے جس کی آمدن سے ہزاروں طلبا و طالبات اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ خودروزگار سکیم کے تحت مستحق افراد کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کے پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت پنجاب کے اس انقلابی پروگرام سے صوبے کے لاکھوں لوگ مستفید ہو رہے ہیں۔ اب تک 8 لاکھ گھرانوں میں 16 ارب روپے کے بلاسود قرضے تقسیم کئے جا چکے ہیں جن کی وصولی 99.9 فیصد ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں اس شاندار پروگرام کا اجراء انکی انتھک کاوشوں کا ثمر ہے جس پر میں انہیں دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار خصوصی افراد کو ٹارگٹ کرکے انہیں ہر طرح کی سہولتیں فراہم کرنے کے شاندار پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت خصوصی افراد کو معاشرے کا باوقار، خودمختار اور اہم رکن بنانے میں مدد ملے گی۔ مشیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ آج تاریخ ساز دن ہے جب وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں معاشرے کے اہم ترین افراد کی نگہداشت اور مالی معاونت کے شاندار پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر زکوٰۃ و عشر ملک ندیم کامران نے کہا کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ شہبازشریف مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے خصوصی افراد کی معاونت کیلئے عظیم پروگرام کا اجراء کیا ہے۔ چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ماروی میمن نے کہا کہ پنجاب میں خصوصی افراد کیلئے خدمت کارڈ پروگرام کا اجراء خوش آئند ہے اور ہمارا اس پروگرام کیلئے تعاون جاری رہے گا۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور میں اجتماعی زیادتی کے گھناؤنے واقعہ میں ملوث تمام ملزمان گرفتار ہوچکے ہیں لیکن اس واقعہ کے حوالے سے کج بحثی جاری تھی کہ واقعہ میں ملوث ایک بااثر ملزم کو گرفتار نہیں کیا جا رہا اگرتمام ملزمان کو گرفتار کرنے کیلئے بھر پور کاوشیں نہ کی جاتیں تو پھر پنجاب حکومت کو موردالزام ٹھہرانا مناسب تھا۔ واقعہ میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے اور جنوبی ایشیاء کی بہترین فزانزک لیب میں ان کے ڈی این اے ٹیسٹ کرائے جارہے ہیں ۔واقعہ کی تحقیقات کیلئے کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے جرم ثابت ہونے پر ملوث افراد کسی صورت قانون کے مطابق قرارواقعی سزا سے بچ نہیں پائیں گے۔ انصاف کی فراہمی میں کسی سیاسی اثرورسوخ کو رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں نے کبھی بھی سیاسی دباؤ کو انصاف کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیااوراس واقعہ میں بھی انصاف ہوگا۔سیاسی اثرورسوخ کبھی انصاف کی راہ میں حائل نہیں ہونے دیا اورنہ ہی اس کیس میں ہونے دیا جائے گا۔ مزید برآں شہباز شریف سے گزشتہ روز سری لنکا کے وزیر پبلک ایڈمنسٹریشن اینڈ مینجمنٹ رنجیت میڈوما بندرا کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی۔ سری لنکا کے وفد نے پنجاب میں سمال ہائیڈل پراجیکٹس میں سرمایہ کاری پر گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات موجود ہیں۔ 2010 میں پنجاب کو ڈینگی کی بدترین وباء کا سامنا کرنا پڑا جس سے نمٹنے کیلئے سری لنکا کے ڈاکٹروں نے پنجاب حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کیا اورپنجاب کے عوام آج بھی سری لنکن ڈاکٹرز کی مدد کو نہیں بھولے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے باہمی تعاون کے شعبوں میں وفود کے تبادلے ضروری ہیں۔ سری لنکن وفد کے ارکان نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں سمال ہائیڈل منصوبوں کیلئے سرمایہ کاری کرنے کیلئے تیار ہیں۔ مزید برآں شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان راولپنڈی میں مسلم لیگ(ن) کے سابق رکن قومی اسمبلی محمد حنیف عباسی کی رہائشگاہ گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور وفاقی وزیر داخلہ نے محمد حنیف عباسی کی صاحبزادی کی شادی پر انہیں اور اہل خانہ کو مبارکباد دی۔ وزیر اعلیٰ نے محمد حنیف عباسی کو گلدستہ دیا۔

ای پیپر-دی نیشن