• news

سرگودھا: کپڑے کی مارکیٹ میں آتشزدگی، 100 سے زائد دکانیں جل گئیں

سرگودھا (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) سرگودھا کے بلاک نمبر 2 میں کپڑے کی مارکیٹ میں آگ لگ گئی جس سے 100 سے زائد دکانیں جل گئیں اور لاکھوں روپے کا کپڑا اور جوتے جل گئے۔ کپڑے کی وجہ سے آگ نے شدت اختیار کر لی۔ فائر بریگیڈ کے عملے کو تنگ گلیوں اور تجاوزات کی وجہ سے آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ آگ بجھانے کا عمل جاری ہے، شدید دھوئیں سے 5 خواتین سمیت 8 افراد بے ہوش گئے جن کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ آتشزدگی کے بعد قریبی گھر خالی کرا لئے گئے۔ آتشزدگی سے دکانوں میں کپڑے جوتے اور پلاسٹک کا سامان جل کر راکھ ہو گیا۔ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی ایک دکان پر آگ لگنے کے بعد آگ پھیلتی چلی گئی اور چوک میں موجود تجاوزات میں بنائی گئی لکڑی کی دکانیں جل کر راکھ ہو گئی۔ تنگ گلیوں اور تجاوزات کی وجہ سے فائر بریگیڈ کے عملے کو مشکلات پیش آئیں۔ آخری اطلاعات تک فائر بریگیڈ کی گاڑیاں آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف تھیں۔ آگ سے 5 قدیم عمارتیں بھی متاثر ہوئیں۔لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے سرگودھا کی کپڑا مارکیٹ میں آتشزدگی کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔آگ سے 80 پتھارے اور 30 دکانیں جل کر راکھ ہو گئیں۔ انتظامیہ نے قریبی رہائشی عمارتوں کو خالی کرا لیا۔ آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جاتی ہے۔ پاک فضائیہ کی چار اور فائربریگیڈ کی 17گاڑیوں نے شعلوں پر قابو پایا۔ چنیوٹ، خوشاب سے بھی گاڑیاں منگوائی گئیں۔ علاقے میں گیس اور بجلی کی فراہمی بند رہی۔

ای پیپر-دی نیشن