• news

ڈسکہ: گرفتار9 دہشت گردوں کا تعلق داعش سے ہے، رانا ثنا کی تصدیق،10روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

سیالکوٹ/ ڈسکہ/ گوجرانوالہ (نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) حساس ادارے نے سیالکوٹ کے علاقہ ڈسکہ میں لاری اڈا پر چھاپہ مار کر کالعدم تنظیم داعش کے 9 ارکان کو گرفتار کر لیا ہے، انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 10 روز کا جسمانی دیمانڈ دیدیا ہے اور پولیس کے حوالے کر دیا۔وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے ڈسکہ میں داعش کے دہشت گردوں کی گرفتاری کی تصدیق کردی ذرائع کے مطابق گرفتار کئے جانے والے ملزمان دہشت گردی اور دیگر واقعات میں ملوث ہیں اور ان ملزمان کے قبضے سے بارودی مواد، اسلحہ اور مذہبی منافرت پھیلانے والا لٹریچر بھی برآمد ہوا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ گرفتار ملزمان عدنان بابر، جواد اسلم، ابوحنیفہ، عامر سہیل، اعجاز احمد اور سعید احمد سمیت 9 دہشتگرد لاہور اور گوجرانوالہ ڈویژن میں بڑی تخریب کاری کا منصوبہ بنا رہے تھے لیکن سی ٹی ڈی لاہور کی ٹیم نے موبائل فون ڈیٹا اور دیگر ذرائع سے ہونے والی معلومات کے بعد ڈسکہ لاری اڈا میں رات گئے کارروائی کی تھی جس کے دوران کالعدم داعش کے یہ نو ارکان کو گرفتار کیا گیا اور ان کا سامان بھی قبضہ میں لے لیا گیا۔ ملزمان کو بھاری سکیورٹی میں ہتھکڑیاں لگا کر انسداد دہشت گردی کی عدالت گوجرانوالہ میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے تفتیش کیلئے انہیں 10 روز کیلئے تفتیشی ٹیم کے حوالے کر دیا۔ گرفتار کئے جانے والے ملزمان کو تفتیش کیلئے لاہور منتقل کردیا گیا جہاں ان سے تفتیش جاری ہے۔گرفتار کئے جانے والے ملزمان کا تعلق ضلع سیالکوٹ سے نہیں ہے اور وہ مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے ہیں اور ان ملزمان کے مزید ساتھیوں کی گرفتاریوں کا امکان بھی ہے۔ ملزموں کے قبضے سے اسلحہ، دھماکہ خیز مواد، لیپ ٹاپ اور بڑی تعداد میں سی ڈیز برآمد کی گئی ہیں جن میں داعش کا تشہیری مواد موجود ہے۔ گرفتار دہشت گردوں نے عسکری ٹریننگ حاصل کر رکھی تھی۔ ملزم گرفتاری سے بچنے کے لئے ایک دوسرے سے سوشل میڈیا اور سکائپ کا استعمال کرتے تھے۔ علاوہ ازیں سرکاری دستاویزات کے مطابق انہوں نے رواں سال جون میں ابوبکر البغدادی سے بیعت کے بعد ضلع سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ میں داعش میں شمولیت اختیار کی تھی۔ دستاویزات کے مطابق ابواقصیٰ نے شام میں پاکستانی عسکریت پسندوں کے انچارج پاکستانی شہری ابومعاویہ سلفی سے ملزمان کے رابطہ کار کے طور پر کام کیا تھا۔ تفتیش سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والا داعش کا ایک رکن وقاص عرف رضوان شامی فورسز سے جھڑپ کے دوران ہلاک ہوچکا ہے۔ خیال رہے کہ سی ٹی ڈی نے ملزمان کو پنجاب کے مختلف شہروں سے گرفتار کیا تاہم حکام کے مطابق ملزمان سیالکوٹ کو بیس کے طور پر استعمال کیا کرتے تھے۔ دوسری جانب ڈسکہ سے گرفتار دہشت گردوں کے داعش سے تعلق کی سرکاری طور پر تصدیق کر دی گئی ہے۔ وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے تصدیق کی ہے کہ ڈسکہ سے گرفتار دہشت گردوں کا تعلق داعش سے ہے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ملزمان وائبر پر ابومعاویہ سے رابطے میں تھے۔ ملزمان کارروائیاں کرنے کی تیاریاں کر رہے تھے، سی ٹی ڈی نے پکڑ لیا۔رانا ثناء اللہ نے پریس کانفرنس میں مزید کہا ہے کہ پنجاب میں کوئی نوگوایریا نہیں۔ پنجاب میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سب سے زیادہ کام ہوا ہے۔ انہوں نے ڈسکہ میں داعش کے کارکنوں کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ یہ لوگ انٹرنیٹ کے ذریعے ابومعاویہ نامی شخص سے رابطے میں تھے اور انکا تعلق داعش سے ہے۔

ای پیپر-دی نیشن