• news

بھارتی ہائی کمشنر کی ملاقات ، خطے میں امن کے لئے مل کر دہشت گردی ختم کرنا ہو گی: وزیراعظم

اسلام آباد (ایجنسیاں) وزیراعظم نواز شریف سے بھارتی ہائی کمشنرٹی سی اے راگھوان نے الوداعی ملاقات کی ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت پاکستان بھارت تعلقات پر بات چیت کی گئی۔ ترجمان وزیراعظم ہائوس کے مطابق وزیراعظم نے ٹی سی اے راگھوان کی پاکستان میں بطور بھارتی سفیر خدمات کو سراہا اور کہا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات اور سفارتی امور کو بہترین انداز میں نبھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بھارت سمیت تمام ممالک سے بہتر تعلقات کا خواہاں ہے۔ خطے میں امن کے لئے دہشت گردی کو ملکر ختم کرنا ہو گا۔ خطے کی خوشحالی، ترقی اور آئندہ نسلوں کی بقاء کیلئے پاکستان اور بھارت کو اچھے پڑوسیوں کی طرح رہنا چاہیے اور اپنے مسائل بات چیت کے ذریعے حل کرنا ہوں گے۔ ٹی سی راگھوان نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حکومت پاکستان نے امن وامان کی بحالی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں جس سے خطے میں مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ دونوں رہنمائوں نے دورہ نریندر مودی پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اسے دونوں ملکوں کیلئے نیک شگون قرار دیا ہے۔ دریں اثنا مری میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک بھر میں بجلی کی پیداوار کے لیے منصوبوں پر کام شروع ہے جس سے 2018 تک ملک بھر سے اندھیرے ختم ہو جائیں گے، سیاحت کے شعبے کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے جی پی او مری کی عمارت اور پوسٹل میوزیم کا افتتاح کیا۔ وزیراعظم نے کہا مری میں جدید نوعیت کا ہسپتال، یونیورسٹی اور دیگر تعلیمی ادارے، سڑکیں اور پانی کے منصوبے شامل ہیں۔ جی پی او کی عمارت کا افتتاح کر کے دلی خوشی محسوس ہو رہی ہے کیونکہ بچپن میں اس جی پی او کو میں خود بھی استعمال کرتا رہا ہوں۔ اس جی پی او کے ذریعے مری سے لاہور اپنے گھر خط لکھ کر والدین کو خیریت سے آگاہ کرتا تھا۔ مری کو دوسرا گھر سمجھتا ہوں اس کی ترقی کے راستے میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دوں گا۔ جاری ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی خود کروں گا۔ منصوبوں میں شفافیت اور پائیداری کو یقینی بنایا جائے گا، مری میں یونیورسٹی بنائیں گے۔ اندھیرے ختم کرنے کے لیے سب سے پہلے بجلی منصوبوں کا آغاز کیا۔ ملک بھر کے مختلف علاقوں میں کئی منصوبے زیر تعمیر ہیں جن کی تکمیل سے 2018تک ملک میں لوڈشیڈنگ ختم ہو جائے گی۔ گیس بحران کے خاتمے کے لیے بھی منصوبوں کا آغٖاز ہو چکا ہے۔ مسلم لیگ ن نے جب حکومت سنبھالی تو بے شمار چیلنجز کا سامنا تھا۔ لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی نے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا تھا لیکن ہم نے ہمت نہیں ہاری اور قومی عزم کے ساتھ دہشت گردوں کیخلاف جنگ جاری رکھی جسکی وجہ سے دہشت گردی کے واقعات میں کمی آئی ہے اور دہشت گردوں کے نیٹ ورک ختم ہو گئے ہیں۔ اب ملک میں امن کی فضا قائم ہو گئی ہے۔ عوام سکھ کا سانس لے رہے ہیں، مٹھی بھر د ہشت گرد اب غاروں میں چھپنے پر مجبور ہیں ہم نے ہمت نہیں ہاری، قوم ی عزم کے ساتھ ملک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے۔ قطر کے وفد سے گفتگو میں نواز شریف نے کہا ہے شفافیت اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے باعث غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کا رخ کر رہے ہیں‘ پاکستان مضبوط معیشت کے طور پر دنیا کے نقشے پر ابھر رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا قطر پاکستان میں پن بجلی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرے۔ اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔ شفافیت اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے باعث غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کا رخ کر رہے ہیں۔ پاکستان کو آئندہ عشرے میں 10 ترقی کرتی ہوئی معیشتوں میں شامل کریں گے۔ علاوہ ازیں نواز شریف آج اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن