• news

پی ٹی وی کے سابق ایم ڈی اسلم اظہر انتقال کر گئے، نماز جنازہ آج ادا کی جائیگی

اسلام آباد+ لاہور (نوائے وقت رپورٹر+ پ ر) پاکستان ٹیلیویژن کے سابق ایم ڈی اور چیئرمین اسلم اظہر انتقال کر گئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق اسلم اظہر پی ٹی وی کے بانی ارکان میں سے تھے، انکی عمر 85 سال تھی۔ اسلم اظہر براڈ کاسٹنگ کے شعبے میں منفرد اور اہم مقام رکھتے تھے۔ اسلم اظہر کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر اسلام آباد میں ادا کی جائیگی۔ اسلم اظہر کو انکی نمایاں خدمات پر تمغہ پاکستان سے بھی نوازا گیا تھا۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پاکستان ٹیلیویژن کارپوریشن کے سابق ایم ڈی اسلم اظہر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم نوازشریف نے اسلم اظہر کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور اہلخانہ کیلئے صبر جمیل اور مرحوم کیلئے درجات کی بلندی کی دعا کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے بھی سابق ایم ڈی پاکستان ٹیلیویژن اور چیئرمین اسلم اظہر کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلم اظہر نے کارپوریشن کی بنیاد خود اپنے ہاتھوں سے رکھی تھی جب تک پی ٹی وی ہے اسلم اظہر کو یاد رکھا جائیگا۔ انہوں نے پی ٹی وی کے فروغ کے لئے اہم کردار ادا کیا وہ براڈ کاسٹنگ کے شعبے میں منفرد مقام رکھتے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن