سپورٹس کے شعبہ میں ایران سے بھرپور تعاون کریں گے : رانا مشہود
لاہور(سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ ایران ہمارا برادر اسلامی ملک ہے، ایران سے ہمارے انتہائی گہرے دوستانہ تعلقات ہیں، ہر شعبہ زندگی میں مثالی تعلقات ہیں، سپورٹس کے شعبہ میں بھی ایران سے بھرپور تعاون کریں گے، دونوں ممالک کی سپورٹس ٹیمیںایک دوسرے ممالک میں دورہے کرکے بھائی چارے کو مزید فروغ دیں گی، رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ28جنوری 2016 کو جکارتہ میں ہونیوالی ایشیئن جوجسٹو چیمپیئن شپ میں شرکت کرنیوالی ٹیم کو 30لاکھ روپے کا فنڈ دیا جائے گا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایرانی قونصلیٹ میں ایران کے قونصل جنرل محمد حسین بنی اسدی کی جانب سے جوجٹسو چیمپئن شپ 2015ء میں سلور میڈل جیتنے والے پاکستانی کھلاڑیوں کے اعزاز میں دی گئی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا، رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ ورلڈ جوجٹسو چیمپئن شپ میں پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں محمد عمار اور ابوہریرہ نے سلور میڈل جیتاہے جبکہ محمد جہانزیب راشد نے بھی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ایران سے مل کر جوجٹسو کے کھیل کو مزید فروغ دیں گے۔ ایرانی قونصل جنرل محمد حسین بنی اسدی نے کہا کہ پاکستان سے برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے سپورٹس کے شعبہ میں بھی بھرپور تعاون کریں گے۔ پنجاب میں سپورٹس کے فروغ میں صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان اور ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کا کردار قابل تحسین ہے۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور اور ایرانی قونصل جنرل محمد حسین بنی اسدی نے دونوں ممالک میں سپورٹس کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔