کوئی نوٹس نہیں ملا، ممبئی پولیس منفی حربے استعمال کرتی ہے: اسد رئوف
لاہور (نمائندہ سپورٹس) انڈین پریمیئر لیگ میں امپائرنگ کی ذمہ داریاں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی طرف سے بھارتی کرکٹ بورڈ کی خواہش پر نبھائی ہیں۔ میں شوق سے بھارت نہیں گیا بلکہ پیشہ وارانہ امور کی ادائیگی کے لئے گیا تھا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان کے سابق امپائر اسد روف نے نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا بھارت کی طرف سے کسی قسم کا کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا۔ ممبئی پولیس کی پرانی عادت ہے کہ وہ اپنی نالائقی و ناکامی کو چھپانے کیلئے لوگوں کی توجہ تقسیم کرنے کے لیے منفی حربے استعمال کرتی ہے۔ بھارت اپنے گھر کو ٹھیک کرے مجھے اپنی امپائرنگ سے غرض تھی میں اپنی ذمہ داریاں بہترین انداز میں ادا کی ہیں۔ میں اپنی امپائرنگ پر جواب دہ ہوں۔ کھیل کے میدان میں کیے گئے میرے فیصلے الزام لگانے والوں کے لیے سب سے بڑا جواب ہیں۔ میں نے انڈین پریمیر لیگ کے پانچ ایڈیشن سپروائز کیے ہیں اس عرصے میں میری امپائرنگ ہی قابلیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اگر اسکے علاوہ بھی کوئی بات چیت کرنا چاہتا ہے تو وہ بھارت کے علاوہ جہاں مرضی آ جائے مجھے کوئی اعتراض نہیں۔ اسد روف کا کہنا تھا کہ مجھے اس سے کچھ غرض نہیں کہ بھارت میں لوگ کیا منفی باتیں کر رہے ہیں۔صرف یہی کہنا چاہتا ہوں کہ پہلے میری امپائرنگ دیکھیں پھر کوئی بات کریں۔